ڈاکٹر طاہر القادری ہسپتال میں زیر علاج ،حالت پہلے سے بہتر ہے،ترجمان عوامی تحریک

ڈاکٹرز کے مطابق مرض کی مکمل تشخیص کیلئے مزید ٹیسٹ ہونگے،انتڑیوں میں ’’بلاکیج ‘‘ہے ،خرم نواز گنڈاپور سراج الحق، شیخ رشید، فاروق ستار، عابدہ حسین، میاں منظور وٹو، راجہ ناصر عباس، انصار برنی، سینیٹر کامل آغا،سردار عتیق، میاں محمود الرشید، ندیم افضل چن ،ابرار الحق کا فون، صحت یابی کیلئے دعا صحت یابی کیلئے بکروں کے صدقے، اقلیتی رہنمائوں کی طرف سے بھی نیک تمنائوں کا اظہار

پیر 27 مارچ 2017 23:08

ڈاکٹر طاہر القادری ہسپتال میں زیر علاج ،حالت پہلے سے بہتر ہے،ترجمان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کے مطابق سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کو گزشتہ روز علالت کے باعث کینیڈا(ٹورنٹو) میں مقامی ہسپتال میں داخل کروادیا گیا تھا جہاں وہ ایک دن ایمرجنسی میں زیرعلاج رہے،ان کی حالت بہتر ہونے پر انہیں گزشتہ روز شام وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا ہے، ڈاکٹرز کے مطابق مکمل تشخیص اور مرض کے روٹ کاز تک پہنچنے کیلئے چند ہفتے درکار ہیں، مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کی رپورٹس کاانتظار ہے ، ابتدائی طور پر انہیں Intestines obstructionکے باعث شدید تکلیف کے بعد ہسپتال لے جایا گیا جہاں کرائسس مینجمنٹ کے بعد ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے ۔

خرم نواز گنڈاپور کے مطابق ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ ان کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز کے مطابق انتڑیوں میں بلڈ سرکولیشن نہیں ہورہی اور انتڑیوں میں تنگی بھی ایک وجہ بیان کی گئی ہے تاہم اصل وجہ کا علم مکمل رپورٹس آنے کے بعد ہو سکے گا۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی سراج الحق ،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سربراہ شیخ رشید، فاروق ستار، بیگم عابدہ حسین، میاں منظور وٹو، مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، انصار برنی، سینیٹر کامل علی آغا، صاحبزادہ حامد رضا، سینیٹر میاں عتیق، سردار عتیق الرحمن، اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، ندیم افضل چن، ابرار الحق نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ٹیلیفون کر کے سربراہ عوامی تحریک کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت یابی اور درازی عمر کیلئے دعا کی، نیز غیر مسلم مذہبی رہنمائوں ڈاکٹر جیمز چنن، ریورنڈ سیموئل، بشپ انڈریوفرانسس، بشپ نذیر عالم، سردار بشن سنگھ، سردار جنم سنگھ، پنڈت بھگت لعل، ڈاکٹر منوہر چاند نے سربراہ عوامی تحریک کی جلد صحت اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے ا ہل وطن اور سیاسی، سماجی ، اقلیتی رہنمائوں اور عوامی حلقوں کی طرف سے سربراہ عوامی تحریک کی صحت یابی کیلئے دعا کرنے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے احباب سے اپیل کی کہ وہ ان کی مکمل صحت یابی تک اپنی خصوصی دعائوں میں یادرکھیں۔ دریں اثناء سربراہ عوامی تحریک کی صحت یابی کیلئے رہنمائوں و عہدیداروں نے بکروں کے صدقے دئیے ،تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام اندرون و بیرون ملک قائم گوشہ درود میں سربراہ عوامی تحریک کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس ضمن میں مرکزی سیکرٹریٹ میں گزشتہ روز جامع مسجدا لمنہاج اور گوشہ درود میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔