سعودی شاہ سلمان عرب سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے عمان پہنچ گئے ،ہوائی اڈے پر شاندار استقبال

خادم الحرمین الشرفین کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق پندرہ سمجھوتوں اور معیشت اور تجارت کے شعبے میں چار ارب ریال مالیت کی مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے

پیر 27 مارچ 2017 23:09

عمان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز عرب سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے اردن کے دارالحکومت عمان پہنچ گئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز عرب سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے اردن کے دارالحکومت عمان پہنچ ۔مارکا کے فوجی ہوائی اڈے پر اردن کے شاہ عبداللہ دوم ،بعض شہزادوں ، وزرا اور دوسرے عہدے داروں نے شاہ سلمان اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔

وہ اپنی آمد کے فوری بعد اردنی شاہ سے ملاقات کرنے والے تھے۔قبل ازیں شاہی دیوان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ملاقات میں سعودی عرب اور اردن کے درمیان برادرانہ تعلقات اور انھیں مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خادم الحرمین الشرفین کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق پندرہ سمجھوتوں اور معیشت اور تجارت کے شعبے میں چار ارب ریال مالیت کی مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔

اردن کے ایوان تجارت کا کہنا ہے کہ اس مجوزہ سمجھوتے سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔شاہ سلمان اردن میں بدھ کو ہونے والے اٹھائیسویں عرب سربراہ اجلاس میں اپنے ملک کے وفد کی قیادت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :