ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونیوالے 2 بھائیوں کے قاتلوں کی عدم گرفتا ری پر سیاسی جماعتوں کااحتجاجی مظاہرہ

پیر 27 مارچ 2017 21:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) ڈاکوئوں کی فائرنگ سے دو سگے تاجر بھائیوں کی ہلاکت کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے جانے کے باوجود ملزمان کو گرفتا ر نہ کرنے پر گوہد پور چوک میں احتجاجی کیمپ کے بعد یونین کونسل گوہدپور کے چیئرمین ڈاکٹر ارشد ، یونین کونسل کور پور کے چیئرمین خالد حسین قریشی اور جماعت اسلامی، مسلم لیگ (ن) اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں سمیت سینکڑوں شہریوں نے تھانہ مراد پور کی حدود گوہد پور میں ضلع کچہری چوک تک احتجاجی مظاہر ہ کیا ۔

مظاہرین پولیس کے خلاف نعر ے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کررہے تھے کہ مہر محمد خالد کے بیٹوں مقدس خالد اور وسیم خالد کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابق ممبر صوبائی اسمبلی ارشد محمود بگو ،رہنما تحریک انصاف بیرسٹر جمشید غیاث، و وکلا ء نے کہا کہ سیالکوٹ پولیس امن وامان قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

چور ،ڈاکو ،شہریوں کو دن دیہاڑے مالی کے ساتھ ساتھ جانی نقصان پہنچ کر عورتوں کو بیوہ اور بچوں کو یتیم کررہے ہیں جبکہ پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ جو کہ پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مظاہرین نے ضلع کچہری چوک ڈی پی اوآفس کے باہر دھرنا دیا اور بعدازاں پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ مظاہرین نے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے 48گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہ کیا تو آئندہ کا سخت احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہونگے جس میں وزیراعلیٰ ہائوس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :