حماس کے پارلیمانی وفد کی ترک سفیر سے ملاقات

فلسطین کی موجودہ صورتحال،دو طرفہ تعلقات کے فروغ، اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی، فلسطینی پناہ گزین کے مسائل پر تبادلہ خیال

منگل 28 مارچ 2017 14:38

حماس کے پارلیمانی وفد کی ترک سفیر سے ملاقات
رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) حماس کے پارلیمانی بلاک’اصلاح و تبدیلی‘ کے ارکان کے نمائندہ وفد نے غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں ترکی کے سفیرکورجان توکوگولو اور ان کے نائب ارمان سے ملاقات کی ہے ۔حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے پارلیمانی بلاک کے ارکان احمد عطون، محمد طوطح، ایمن دراغمہ اور عبدالجابر فقہا نے رام اللہ میں ترک سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فلسطین میں تعینات عوامی جمہوریہ ترکی کے سفیر اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران فلسطینی ارکان پارلیمان نے فلسطینیوں کی حمایت میں ترک حکومت اور عوام کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی مساعی پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں فلسطین اور ترکی کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ، فلسطین کی موجودہ صورت حال، اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی، فلسطین میں یہودی آباد کاری اور فلسطین کے حوالے سے عالمی سطح پر جاری کوششوں اور ترکی میں مقیم فلسطینی پناہ گزین کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حماس کے ارکان پارلیمان نے ترک سفیر سے ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورتحال، فلسطین میں یہودی آباد کاری، اذان پر پابندی اوراسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی سمیت دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ترک سفیر نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت اور عوام فلسطینیوں کے تمام جائز مطالبات کی حمایت اورفلسطینیوں کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہے ہیں گے۔

متعلقہ عنوان :