تعلیم یافتہ قوم کا کوئی بھی مقابلہ نہیں کرسکتا ، بلاول بھٹو زرداری

نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا بے نظیر کا خواب تھا،نوجوان ہی ملک کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں ،کانووکیشن سے خطاب

منگل 28 مارچ 2017 16:16

تعلیم یافتہ قوم کا کوئی بھی مقابلہ نہیں کرسکتا ، بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ قوم کا کوئی بھی مقابلہ نہیں کرسکتا ، ملک کے نوجوان قوم کے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو ہیں کیونکہ نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا بے نظیر کا خواب تھا اور نوجوان ہی ملک کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو شہید یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کانووکیشن سے خطاب کرنا فخر کا لمحہ ہے اور تعلیم مکمل کرنے پر طلباء و طالبات اساتذہ اور والدین مبارکباد کے مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی تعلیم زندگی کے ہر شعبے میں کام آتی ہے اور سیکھنے کا عمل ساری زندگی جاری رہتا ہے تعلیم سے بہتر معاشرہ تشکیل دینے میں مدد ملتی ہے یہی وجہ ہے کہ تعلیم یافتہ قوم کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا اور طلباء کو آگے بڑھ کر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نکا لنا ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ میری والدہ پاکستانیوں کے عزم وحوصلے سے واقف تھی تبھی وہ عوام کی طاقت سے آمریت کیخلاف کھڑی ہوئیں اسی وجہ سے میرے اہلخانہ کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کا بے نظیر کا خواب پورا ہوتا دیکھ رہا ہوں اور دیگر تعلیمی اداروں کو بھی اسلام آباد کیمپس کی تقلید کرنی چاہیے تاکہ قوم کے معماروں کی بہتر تربیت ہوسکے