نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا خواب تھا، نوجوان ملک و قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں،بلاول بھٹو زرداری

منگل 28 مارچ 2017 18:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا خواب تھا۔ نوجوان عملی زندگی میں ملک و قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ وہ منگل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زیبسٹ کے کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے اس موقع پر تعلیم مکمل کرنے والے طلباء، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکھنے کا عمل ساری زندگی جاری رہتا ہے، نوجوانوں کو آگے چل کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نوجوانوں کی تعلیم کو بہت اہمیت دیتی تھیں۔ نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم ان کا خواب تھا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم مکمل کرنے والے طلباء ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، ملک کو نوجوان اور ذہین افراد کی ضرورت ہے جو پوری تندہی سے اس کی خدمت کر سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے تعلیم مکمل کرنے والے طلباء میں ڈگریاں تقسیم کیں۔