گزشتہ دور حکومت میں ویزوں کے اجراء کاکوئی ریکارڈ موجودنہیں،چودھری نثار

ملک میں آن لائن ویزا سسٹم متعارف کرارہے ہیں،جب بھی کوئی پاکستانی ویزے کیلئے درخواست دے گاتو تمام اداروں کو اس کاعلم ہوگا ایف آئی اے کو امیگریشن سے علیحدہ کیاجائے گا،اب ایک ایک ویزا کی درخواست کی مکمل جانچ پڑتال اور سیکیورٹی کلیئرنس ہوتی ہے ،اس عمل سے غیرملکی سفیروں اور آفیشلزکوبھی گزرناپڑتاہے سوشل میڈیا پر توہین آمیزموادکے معاملے پر پیشرفت ہورہی ہے ،پہلے فیس بک والے مانتے نہیں تھے اب وہ اپنانمائندہ پاکستان بھیج رہے ہیں، گزشتہ چند مہینوں میں 62 صفحات جبکہ گزشتہ تین دنوں میں 45ویب سائٹس کو بلاک کیاگیاہے آصف زرداری میرے آبائی گائوں آئیں خوش آمدید کہوںگا،مگرآنیوالے الیکشن میں ان کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوجائیگی، مجھے یہ اطمینان ہے جن کیخلاف اربوں کھربوں کی کرپشن کے کیس ہیں وہ چودھری نثارکانام لیکرچیخ رہے ہیں،وفاقی وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس

منگل 28 مارچ 2017 20:45

گزشتہ دور حکومت میں ویزوں کے اجراء کاکوئی ریکارڈ موجودنہیں،چودھری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہاہے کہ گزشتہ دور حکومت میں ویزوں کے اجراء کاکوئی ریکارڈ موجودنہیں،ہم ملک میں آن لائن ویزا سسٹم متعارف کرارہے ہیں،جب بھی کوئی پاکستانی ویزے کیلئے درخواست دے گاتو تمام اداروں کو اس کاعلم ہوگا،ایف آئی اے کو امیگریشن سے علیحدہ کیاجائے گا،اب ایک ایک ویزا کی درخواست کی مکمل جانچ پڑتال اور سیکیورٹی کلیئرنس ہوتی ہے ،اس عمل سے غیرملکی سفیروں اور آفیشلزکوبھی گزرناپڑتاہے،سوشل میڈیا پر توہین آمیزموادکے معاملے پر پیشرفت ہورہی ہے ،پہلے فیس بک والے مانتے نہیں تھے اب وہ اپنانمائندہ پاکستان بھیج رہے ہیں، گزشتہ چند مہینوں میں باسٹھ صفحات جبکہ گزشتہ تین دنوں میں 45ویب سائٹس کو بلاک کیاگیاہے،آصف زرداری میرے آبائی گائوں آئیں میں انہیں خوش آمدید کہوںگامگرآنیوالے الیکشن میں ان کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوجائے گی،آصف زرداری سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں شدید سیاسی اختلافات ہیں،مجھے یہ اطمینان ہوتا ہے کہ جن کے خلاف اربوں کھربوں کی کرپشن کے کیس ہیں وہ چودھری نثارکانام لیکرچیخ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ویزوں کا اجراء کسی بھی ملک کیلئے اہم اور حساس مسئلہ ہوتا ہے اور جب یہ خبر آئے کہ کسی ملک کے اندر ویزے مادر پدرآزاد بنادیئے گئے ہیں جب میں اپوزیشن لیڈر تھا تو میں نے یہ مسئلہ اٹھایا تھا کہ بغیر سیکیورٹی چیک غیرملکی یہاں آجاتے ہیں کوئٹہ، گوادر ، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے ناکوں پر غیرملکی پکڑے گئے اور پھرچھوڑ دیئے گئے ہیں میں نے جب بھی مسئلہ اٹھایا تو گزشتہ ادوار کی دونوں حکومتوں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا بلیک واٹر کے لوگ یہاں رہتے رہے اسلام آباد میں تین چار سو گھر ایسے تھے جن کے مکینوں کے بارے میں معلوم نہیں تھا کہ ان گھروں میں کون رہتے ہیں جب مجھے معلوم ہوا کہ ایک سفیر کو بغیر سیکیورٹی اداروں کے چیک کے ویزے دینے کی اجازت دی گئی تھی اس نوٹیفکیشن کو میں نے 2014ء میں منسوخ کردیا پہلے لوگ بغیر ویزے ا ور دستاویزات کے پاکستان میں آتے رہے لیکن اب ایسا نہیں ہے اب کوئی ایرلائن بغیر ویزے اور دستاویزات کے کسی کو پاکستان واپس نہیں لاسکتی اس حوالے سے ایئرلائن کو نو کروڑ روپے کے جرمانے بھی کئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سے آج ہی منظوری لی ہے جس کے تحت پاکستانی ویزے کیلئے درخواستیں آن لائن لی جائیں گی جس طرح دیگر ممالک میں ہوتا ہے تاکہ جب بھی کوئی پاکستانی ویزے کیلئے درخواست دے تو اس کا علم تمام اداروں کو ہونا چاہیے ایف آئی اے کو امیگریشن سے علیحدہ کیاجائے گا انہوں نے کہاکہ اب ایک ایک ویزہ کی درخواست کی مکمل جانچ پڑتال اور سیکیورٹی کلیئرنس ہوتی ہے چاہے وہ سفیروں اور آفیشلز کے ویزے ہی کیوں نہ ہوں یہ اس لئے کیا گیا ہے کہ کوئی غیرملکی سفارتی آڑ میں پاکستان میں داخل نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ دس سالوں میں اسلام آباد میں رہنے والے غیرملکیوں کاکوئی ریکارڈ نہیں اور نہ ہی ویزوں کے اجراء کا کوئی ریکارڈ موجود ہے کسی کو پاسکتان کی سیکیورٹی کااحساس نہیں تھا ذاتی طورپر ایک سوداگری ہورہی تھی اب ہم اس ملک کو بنانا ری پبلک کے طورپر استعمال نہیں ہونے دے رہے میں نے ویزا فیس بھی بڑھادی ہے اور جو ملک پاکستانیوں سے جتنی ویزا فیس لیتا ہے اس کے شہری پاکستانی ویزے کیلئے اتنی ہی فیس ادا کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ آن لائن ویزا سروس جب کام شروع ہوجائے گا تو معاملات مزید شفاف ہوجائیں گے پہلے وزٹ ویزا پر آنیوالے ورک ویزا لیکر کام شروع کردیتے تھے اس تمام معاملے کو میں خود ذاتی طورپر دیکھتا ہوں اور تمام غیرملکیوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے جہاز بھر کر بیرون ملک سے پاکستانیوں کو واپس بھیج دیاجاتاتھا مگر اب ایسا نہیں ہوتا صرف ایک کیس میں انسانی ہمدردی کی بناء پر بھارت سے ایک خاتون کو بغیر دستاویزات پاکستان آنے کی اجازت دی جووہاںکی جیل میں تھی اس کی مکمل تصدیق کے بعد اسے وطن واپس لایا گیا ہم نے کئی معروف شخصیات کو بھی ویزا نہ ہونے پرواپس بھجوادیا۔

انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر توہین آمیزمواد کامعاملہ کافی عرصے سے چل رہا تھا یہ میری ذمہ داری نہیں کہ اس معاملے کو دیکھوں یہ وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے کی ذمہ داری ہے مگر میں نے اپنامذہبی فریضہ سمجھتے ہوئے ا س معاملے پر توجہ دی میں نے امریکہ میں پاکستانی سفیر اور اقوام متحدہ میں مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی سے بات کی کہ وہ اس حوالے سے فیس بک انتظامیہ سے بات چیت کریں میں نے اسلامی ممالک کے سفیروں کو بلایا کیونکہ یہ عالم اسلام کامسئلہ ہے تمام سفیروں نے پاکستان کے اس اقدام کو سراہا پاکستان عرب لیگ کا ممبرنہیں ہے اس حوالے سے طارق فاطمی نے عرب لیگ کو دردمندانہ خط لکھا جبکہ سرتاج عزیز نے او آئی سی کو خط لکھا ہے پارلیمنٹ نے جو قرارداد منظور کی ہے اسی قرارداد کو آگے بڑھاتے ہوئے اقوام متحدہ تک لے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ پہلی مرتبہ فیس بک انتظامیہ نے انتہائی مثبت جواب دیا ہے کل ہی خط مجھے ملا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ توہین آمیز مواد سے متعلق ہم آپ کی تشویش کو سمجھتے ہیں اورگزشتہ چند مہینوں میں 62 صفحات کو بلاک کیا ہے اور گزشتہ تین دنوں میں45ویب سائٹس بلاک کی ہیں۔ پاسکتانی سفیراعزاز چودھری نے امریکی حکومت اور ایف بی آئی تک ہمارے تحفظات پہنچائے ہیں ۔

چودھری نثا ر نے کہاکہ ہمیں ایمان سے عزیز کوئی چیز نہیں ہے اور ناموس رسالت سے بڑھ کر کوئی چیز ہمارے لئے اہم نہیں ہے ہم سوشل میڈیا کو بھی اس کا پابند بنائیں گے کہ آزادی اظہار کے نام پر مذہب اسلام کی تضحیک نہ کی جائے یہ دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزادی کا سبب بنتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے ہائی کورٹ کابھی بہت اہم کردار رہا ہے سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کے معاملے پر پیشرفت ہورہی ہے پہلے فیس بک والے جواب ہی نہیں دیتے تھے لیکن اب وہ اپنانمائندہ بھیج رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر اقوام متحدہ کی سطح تک پیشرفت ہو اب اس مسئلے کامستقل حل نکالیں گے اور سوشل میڈیاکو پابند بنائیں گے کہ اسلام کے خلاف غلاظت نہ پھیلائیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہاکہ امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر نے جو ویزے جاری کئے ان کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے مگر اب ایسا نہیں ہوگا ہم جو سسٹم بنارہے ہیں اس کے تحت کہیں سے بھی آنیوالی ویزا درخواست سنٹرل ڈیٹاسسٹم سے منسلک ہوگی اور جب ویزے کااجراء ہوگا تو اس کاریکارڈ تمام محکموں کے پاس ہوگا اگر کسی ویزے کاریکارڈ نہ ہوا تو ایسے شخص کو ایئر پورٹ سے ہی واپس بھیج دیاجائے گا سابق صدر آصف زرداری کی طرف سے چکری میں جلسہ کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہاکہ چکری میرا آبائی گائوں ہے اور ہم آصف زرداری کو خوش آمدید کہیں گے میں ان کو اپنے گھر میں مدعو کرونگا لیکن وہ یاد رکھیں کہ آنیوالے الیکشن میں آصف زرداری کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوجائے گی انہوں نے کہاکہ میری آصف زرداری سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے بلکہ شدید سیاسی اختلاف ہیں اگروہ میرے گائوں آتے ہیں تو میں انہیں خوش آمدید کہوں گا انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی والے میرے خلاف بیانات دیتے رہتے ہیں ایک شخص دو سال تک اپنے گھرنہیں آیا اور کہاگیا کہ یہ سب چودھری نثار کی وجہ سے ہے وزیرداخلہ نے شرجیل میمن کانام لئے بغیر کہاکہ وہ پانچ ارب روپے کی کرپشن کاحساب دیں چودھری نثار نے کہاکہ مجھے یہ اطمینان ہوتا ہے کہ جن کے خلاف اربوں کھربوں کی کرپشن کے کیس ہیں وہ چودھری نثارکانام لیکر چیخ رہے ہیں ۔