سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی روک تھام اور ویب سائٹس بلاک کرنے کے معاملے پر مثبت پیش رفت ہو رہی ہے، فیس بک انتظامیہ، ایف بی آئی اور امریکہ نے ہمارے تحفظات دور کرنے اور تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے

ْماضی میں بغیر ویزا ، جعلی دستاویزات پر لوگ پاکستان آتے جاتے تھے مگر اب ایسا نہیں چلے گا سابق صدر آصف علی زرداری کو اپنے آبائی گائوں میں خوش آمدید کہتے ہیں، ان کو سیکورٹی دوں گا، اپنے گھر چائے پر بھی بلانے کو تیار ہوں ، انتخابات میں پی پی پی امیدوار کی ضمانت ضبط ہو جائیگی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 28 مارچ 2017 22:39

سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی روک تھام اور ویب سائٹس بلاک کرنے کے معاملے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی روک تھام اور ویب سائٹس بلاک کرنے کے معاملے پر مثبت پیش رفت ہو رہی ہے، فیس بک انتظامیہ ایف بی آئی اور امریکہ کے محکمہ جسٹس نے ہمارے تحفظات دور کرنے اور تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ ماضی میں بغیر ویزا اور جعلی دستاویزات پر لوگ پاکستان آتے جاتے تھے مگر اب ایسا نہیں چلے گا، اب کسی کی جرائت نہیں کہ غیر ملکیوں کے جہاز بھر کر پاکستان بھیجے، امیگریشن سروس کو ایف آئی اے سے الگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، سابق صدر آصف علی زرداری کو اپنے حلقہ انتخاب اور آبائی گائوں میں خوش آمدید کہتے ہیں، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کو نہ صرف سیکورٹی دوں گا بلکہ اپنے آبائی گھر چائے پر بھی بلانے کیلئے تیار ہوں ، انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوجائیگی۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو یہاں پنجاب ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر ملکیوں کو ویزوںکا معاملہ انتہائی حساس ہے۔ اکثر غیرملکی ویزا کے بغیر پاکستان میں داخل ہو جایا کرتے تھے۔ گزشتہ ادوار میں مخصوص ایئر پورٹس سے غیر ملکیوں کو داخلے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بغیر دستاویز ات پاکستان آنے والے کئی غیر ملکیوں کو ہمارے دور میں ائیر پورٹ سے ہی واپس بھجوا دیا گیا۔

ویزوں کے معاملے میں غیر ملکی کمپنیوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے غیر ملکی ایئر لائنز کو 9 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی کیا۔ ویزا نظام کو شفاف بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔ غیر ملکیوں کو ویزا دینے کے لئے آن لائن ویزا نظام وضع کیا گیا ہے۔ اس نظام سے بہت شفافیت آئے گی۔ امیگریشن کے محکمے کو ایف آئی اے سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویزا کی درخواست دینے والے کا تمام ریکارڈ محفوظ رکھا جائے گا۔ سفارتکاروں کو بھی ویزا جاری کرنے سے پہلے مکمل چھان بین کی جاتی ہے۔ ماضی میں اسلام آباد میں بغیر ریکارڈ رہائش پذیر لوگوں کا اب مکمل ریکارڈ موجود ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ سیکورٹی کلیئرنس کے بغیر اب کوئی بھی پاکستان میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ بیرون ملک سفیر کو ویزا اجراء کا 2014ء کے اختیار کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا گیا ہے۔

نادرا کو ویزوں کے ریکارڈ کے لئے ڈیٹا بینک قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تمام معاملات میں پاکستان کا وقار اور مفاد مقدم رکھا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کرکٹر ڈین جونز اور شرمیلا ٹیگور کو بھی نامکمل کاغذات کی وجہ سے واپس بھجوایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالتؐ کے معاملے پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ واشنگٹن میں سفیر کو فیس بک انتظامیہ سے رابطہ کرنے کا کہا ہے۔

سوشل میڈیا پر توہین رسالت کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے گا۔ مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ میں معاملہ اٹھانے پر کام شروع کر دیا ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی سفیر نے امریکی حکام اور محکمہ انصاف سے رابطہ کیا ہے۔ فیس بک انتظامیہ نے ہمارے مطالبہ پر 62 پیجز کو بلاک کر دیا ہے۔ اسلام کے خلاف ایسی غلاظت کی تشہیر آزادی رائے نہیں ہے۔

گستاخانہ مواد کے خلاف اقدامات کو وزیراعظم نے بھی سراہا ہے۔ فیس بک انتظامیہ نے ہمارے تمام تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اور وکلاء تنازعہ افہام و تفہیم سے حل ہو چکا ہے۔ چکری میں جلسہ کرنے پر آصف زرداری کو خوش آمدید کہیں گے اور ہر ممکن سیکورٹی فراہم کریں گے۔ وہ گھر آنا چاہیں تو چائے پر بھی بلائیں گے۔ چکری میرا آبائی علاقہ ہے۔ یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ الیکشن میں پی پی پی کے امیدوار کی چکری سے ضمانت ضبط ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دو سال تک غائب رہنے والے شرجیل میمن 5 ارب روپے کرپشن کا عدالت میں جواب دیں۔