نواز شریف اور ممتاز بھٹو کی ملاقات (ن) لیگ کے جنازے کو کندھا دینے اور دوبارہ زندہ کرنے کیلئینہیں تھی ، انور گجر

منگل 28 مارچ 2017 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ( اطلاعات ) محمد انور گجر ، کراچی ڈویژن کے کوآرڈی نیٹر رزاق باجوہ نے اپنے مشترکہ بیان کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین اور نواز شریف کی ملاقات (ن) لیگ کا سندھ سے نکلنے والے جنازے کو کندھا دینے اور نہ ہی انہیں دوبارہ سندھ میں فعال کرنے کے لیے تھی، بلکہ سندھ کے عوام میں میاں برادران کے خلاف نفرت اور غصے کا آئینہ دکھانے کے لیے تھی ۔

نواز شریف سے ایک بار دھوکہ کھا کر دوسری بار ساتھ چلنا عقل مندی نہیں بلکہ بے وقوفی ہے ، جس کے بعد سندھ نیشنل فرنٹ (ن) لیگ کے ساتھ چلنا تو دور کی بات بلکہ آئندہ انتخابات میں ان کے ساتھ اتحاد بھی نہیں کریں گے ۔ 4 سال تک نواز شریف کے پاس سردار ممتاز علی بھٹو اور ان کے ساتھیوں کے لیے ٹائم نہیں تھا اور اب ہمارے پاس نواز شریف کو سندھ میں دوبارہ زندہ کرنے کے لیے وقت نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کی مفاہمت سے سب سے زیادہ نقصان صرف سندھ اور یہاں کے عوام کا ہوا ہے ۔ نواز شریف مردہ زرداری لیگ کو بچاتے بچاتے اپنی ہی پارٹی کا سندھ سے جنازہ نکال دیا ہے ۔ سندھ نیشنل فرنٹ نواز شریف کو سندھ کی سیاست میں دوبارہ زندہ کرنے کے لیے نہ ہی کوئی سہارا دے گی اور نہ ہی ایسا کوئی موقع فراہم کرے گی کیونکہ نواز شریف اور زرداری کی سیاست میں کوئی فرق نہیں ہے ۔

دونوں کا مشن ، پلان ، مقصد اور نظریہ صرف کرپشن اور لوٹ مار کرکے ایک دوسرے کو بچانا ہے ۔ نواز شریف زرداری ٹولے کی کرپشن کو بچاتے بچاتے خود پاناما کیس میں دھنس گئے ہیں ۔ زرداری نے حکومت سے چار سالہ مفاہمت کا اقرار کرکے سندھ نیشنل فرنٹ کے موقف کی تائید اور نواز شریف کو بھی سندھ کی بتاہی و بربادی کا ذمہ دار ٹھہرانا ہے کیونکہ ان دونوں کی مفاہمت میں ہم ادھر اور تم ادھر کے نعرے پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایک دوسرے کے صوبے میں مداخلت نہ کرنے کا بھی کوئی اختیار نہیں تھا اور اب ایک مرتبہ پھر الیکشن سے ایک سال قبل ایک دوسرے کے خلاف بیانات دے کر عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے نورا کشتی کرکے ہمدردیاں حاصل کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں ۔