حکمرانوں کی کرپشن لوٹ مار کی وجہ سے بے روزگاری ،مہنگائی ،بدعنوانی بڑھ رہی ہے عوام کے سامنے مسائل کے حل اور اسلامی حکومت کے قیام کیلئے متبادل قیادت جماعت اسلامی ہے،مولاناعبدالحق ہاشمی

منگل 28 مارچ 2017 21:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیرمولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی کرپشن لوٹ مار کی وجہ سے بے روزگاری ،مہنگائی ،بدعنوانی بڑھ رہی ہے عوام کے سامنے مسائل کے حل ،کرپشن کے خاتمہ اور اسلامی حکومت کے قیام کیلئے متبادل قیادت جماعت اسلامی ہے اس لیے کہ جماعت اسلامی خود کرپشن ،موروثیت ،تعصب ونفرت سے پاک ہے ۔

ملک کو دیانت دارقیادت دینے اور اسلامی حکومت کے قیام وکرپشن کے خاتمہ کیلئے جماعت اسلامی نے ملک بھر میں خوشحال پاکستان فنڈ ورابطہ عوام مہم شروع کر دیا ہے یہی حقیقی اسلامی تبدیلی کاآغازہے علمائے کرام،طلبہ اور نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، عوام الناس مخیر حضرات تاجر برادری عدل وانصاف کے اسلامی حکومت کے قیام ،برائیوں ومنکرات کے خاتمے کیلئے خوشحال پاکستان فنڈ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔

(جاری ہے)

اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ انہوں نے منگل کو اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ دوبرسوں میں مہنگائی بلند ترین سطح پرپہنچ چکی ہے جوکہ حکمرانوں کی ناقص کارکردگی کا مظہر ہے۔20کروڑ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا کوئی بھی دعویٰ پورانہیں ہوا۔لوگوں کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے۔نجی شعبے کے قرضے میں 159ارب روپے کا اضافہ اس بات کی عکاسی کرتاہے کہ حکومت معیشت کی بحالی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

صرف آٹھ ماہ میں درآمدات میں کمی کے باعث ملکی معیشت کو پانچ ارب پچاس کروڑ ڈالر کاخسارہ لمحہ فکریہ ہے۔عوام کی بہت بڑی تعداد سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ حکمرانوں کی ناقص حکمت کے باعث پاکستان پر قرضوں کے پہاڑ کھڑے ہوچکے ہیں۔مجموعی قرضہ23ہزار389ارب روپے جس میں مقامی قرضی14ہزار385ارب روپے اور غیر ملکی قرضوں کابوجھ7ہزار814ارب روپے کی ریکارڈسطح پر پہنچ چکا ہے۔

المیہ تو یہ ہے کہ حکمرانوں نی30جون2018تک مزید1255ارب روپے کے غیر ملکی قرض لینے کامنصوبہ بنارکھا ہے۔اس قسم کے عوام دشمنی پر مبنی فیصلے ظاہرکرتے ہیں کہ حکومت کو عوام سے کوئی ہمددی نہیں۔اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں روز افزوں اضافے کی وجہ سے صرف دوہفتوں کے دوران اشیاء ضروریہ کے نرخ آسمان پرپہنچ چکے ہیں حکومت کو عوام کے مسائل میں اضافہ کرنے کی بجائے ان کے مسائل حل کی طرف سنجیدگی سے توجہ دینی چاہئے۔