زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ون ہیلتھ پروگرام کے ذریعے ایسی افرادی قوت تیار کی جائے گی جو لوگوں میں صاف پانی کے استعمال اورماحول دوست طرز زندگی کو رواج دے کر صحت پر خرچ ہونے والے کثیرسرمایہ کو بچانے کی راہ ہموار کرے گی،ڈاکٹر اقرار

منگل 28 مارچ 2017 23:21

فیصل آباد ۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ون ہیلتھ پروگرام کے ذریعے ایسی افرادی قوت تیار کی جائے گی جو لوگوں میں صاف پانی کے استعمال اور متحرک و ماحول دوست طرز زندگی کو رواج دے کر صحت پر خرچ ہونے والے کثیرسرمایہ کو بچانے کی راہ ہموار کرے گی۔یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کلیہ ویٹرنری سائنس اور پاک امریکہ مرکز اعلیٰ تعلیم و تحقیق برائے خوراک و زراعت کے اشتراک سے یو ایس اکیڈمی آف سائنسز کے وفد سے ملاقات اور منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کہیں۔

ڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہا کہ تمام زرعی اجناس کی وافر پیداوار ہونے کے باوجود خواتین اور بچوں کی 40فیصد سے زائد شرح غذائی قلت کا شکار ہے جبکہ آبادی کے ایک بڑے حصے کو صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں جس کی وجہ سے ایک عام آدمی کے گھریلو بجٹ کا بڑا حصہ جملہ امراض کے علاج پر خرچ ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے طرز کاشتکاری میں غیرمعمولی تبدیلیاں وقوع پذیر ہورہی ہیں جس کیلئے بدلتے موسمی حالات سے ہم آہنگ اور زیادہ درجہ حرارت میں پیداواری سلسلہ کو جاری رکھنے والی ورائٹیاں متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ون ہیلتھ پروگرام میں مربوط حکمت عملی کے ذریعے انسانی و حیوانی صحت کو بیماریوں کے جملہ چیلنجز سے بچانا ہے تاکہ صحت کے حوالے سے شعوررکھنے والا معاشرہ قائم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ بیماری کی وجوہات کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ عوام تک صاف پانی اور بہترماحول کو یقینی بناکر ہی ون ہیلتھ کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ پنجاب میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ ہمیں بڑھتی ہوئی آبادی کو روکتے ہوئے زیادہ لوگوں تک تعلیم کی سہولیات پہنچاناہونگی تاکہ شعور اور تعلیم کے ذریعے مائوں کی شرح اموات میں کمی لائی جا سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ صحت کے حوالے سے معمولی کوتاہی بڑے مسئلے کا باعث بن سکتی ہے لہٰذا متحرک طرز زندگی کے ساتھ ساتھ متوازن خوراک کویقینی بنایا جائے۔ یونیورسٹی آف ویٹرنری واینمل سائنسز کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کہا کہ ان کا ادارہ ون ہیلتھ پروگرام پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہے تاکہ انسانی و حیوانی صحت کو یقینی بناتے ہوئے بیماریوں کے دبائو میں کمی لائی جا سکے۔

پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا کہ نیچر اور مذہب سے قریب طرز زندگی ہی بیماریوں سے محفوظ معاشرے کی بنیاد بن سکتی ہے لہٰذا ہمیں بہتر سماجی ماحول کو یقینی بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر احرار احمد خاں نے کہاکہ جسمانی ورزش اور فطرت سے قریب زندگی کو رواج دے کر بیماریوں سے محفوظ رہنے کی ترکیب کی جا سکتی ہے جس کیلئے ون ہیلتھ پروگرام بہترین راستہ ہے۔ یو ایس نیشنل اکیڈمی آف سائنسز واشنگٹن ڈی سی کے ماہرین نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :