یوم پاکستان شوٹنگ بال ٹورنامنٹ، ڈرگ شوٹنگ بال کلب کے نام،فائنل معرکے میں زاہد نیازی کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست

بدھ 29 مارچ 2017 14:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) کراچی ڈویژن شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام یوم پاکستان شوٹنگ بال ٹورنامنٹ ڈرگ روڈ شوٹنگ بال گراونڈ پر منعقد کیا گیا، ٹورنامنٹ کا فائنل کراچی کی نامور ٹیم ڈرگ شوٹنگ بال کلب اور زاہد نیازی میموریل شوٹنگ بال کلب کے درمیان کھیلا گیا، فائنل میچ ڈرگ شوٹنگ بال کلب نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے جیت لیا میچ کا سکور 16-11 ، 8-16 اور16-12 رہا، فاتح ٹیم کی جانب سے اظہر میمن، قمراحمد، فخر احمد اور نصیر بھٹی نے اپنے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ فائنل میں ناکام ہونے والی ٹیم کے محمد حسنین، عبداللہ، محمد شمیم اور خالد نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا ، فائنل کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی، فائنل کے مہمان خصوصی سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدرایم شمیم قریشی تھے ، ان کے ہمراہ جوائنٹ سیکریٹری سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن محمد عارف ایڈوکیٹ بھی موجود تھے مہمان خصوصی ایم شمیم قریشی نے ونر ٹرافی فاتح ٹیم ڈرگ شوٹنگ بال کلب کے کپتان اظہر میمن اور رنر ٹرافی زاہد نیازی میموریل شوٹنگ بال کلب کے کپتان محمد حسنین کو پیش کی، کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے معزز مہمانوں کو اجرک کے تحائف پیش کیے گئے ، اس موقع پرسینئر نائب صدر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن شاجہان خان،سیکریٹری کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن محمد اجمل، جوائنٹ سیکریٹری عمیر خان، صدر ڈسٹرکٹ ایسٹ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ابصار احمد، سیکریٹری ڈسٹرکٹ ساوتھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن فاروق نادر، سید فیضان باقر، طلحہ خان ماشوانی، محمد عاصم، قمراسلام پیارے، محمد رشید، سیکریٹری پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن خالد بروہی، نظیر بھٹی اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے، فائنل میچ کوجمیل احمد، سید افتخار زیدی اور محمد تحسین نے سپروائز کیا ۔

متعلقہ عنوان :