صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان سے وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں نورین عارف کی ملاقات

آزاد کشمیر میں سماجی بہبود ،خواتین کی ترقی ،ہنر مند ،بااختیار بنانے بارے اقدامات، مسئلہ کشمیر، سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

بدھ 29 مارچ 2017 15:02

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں نورین عارف کی ملاقات۔ آزاد کشمیر میں سماجی بہبود اور خواتین کی ترقی اور انہیں ہنر مند اور بااختیار بنانے کے حوالے سے اقدامات، مسلہٴ کشمیر، مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں کے استحصال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر آزاد کشمیر نے وزاتِ سماجی بہبود کی جانب سے معاشرے کے کمزور طبقات کی بہبود اور خواتین کی ترقی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں بحیثیت مجموعی انتہائی غربت کی شرح کم ہے لیکن اس کے باوجود مختلف دور دراز علاقوں میں خطِ غربت سے نیچے آبادی کے پاکٹ موجود ہیں جنہیں فوری حکومتی تعاون کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزارتِ سماجی بہبود ایسی آبادیوں کی نشاندہی کرے اور انہیں معاشرے کے دیگر طبقات کے برابر لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست میں خواتین میں شرح خواندگی حوصلہ افزا ہے۔ شہری علاقوں میں خواتین کے پاس اعلیٰ تعلیم اور ڈگریاں موجود ہیں لیکن اُن کے پاس روزگار کے ذرائع محدود ہیں۔ صرف تعلیمی شعبے کے علاوہ پڑھی لکھی خواتین کی کہیں کھپت نہیں ہے۔

اس لیے باشعور اور تعلیم یافتہ خواتین کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے اُن کو ہنر مند بنایا جائے اور اُن کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی بھی کاروبار کیلئے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے تاکہ ہماری خواتین بھی تجارت، کارٹیج انڈسٹری سے وابستہ ہو سکیں۔ وزیر سماجی بہبود نے رہنمائی پر صدر آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اُن کی وزات معاشرے کے پسماندہ طبقات کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی۔