ہم تقسیم کشمیر کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،سلطان محمود چوہدری

ہر فورم پر جارحانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا جائیگا ،پانامہ لیکس کیس کا فیصلہ آنیوالا ہے،کشمیریوں کیساتھ جس نے بھی زیادتی کی اسکا انجام برا ہوا ،لوگوں نے اسکی قبروں پر جوتے مارے، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

بدھ 29 مارچ 2017 16:51

ڈڈیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم تقسیم کشمیر کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہر فورم پر جارحانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا جائے گا،پانامہ لیکس کیس کا فیصلہ اب دنوں میں آنے والا ہے۔کشمیریوں کے ساتھ جس نے بھی زیادتی کی اسکا انجام برا ہوا اور لوگوں نے اسکی قبروں پر جوتے مارے۔

پی ٹی آئی ہر میدان میں سرخرو ہوئی ۔ ہم آئندہ حکومت کوپی ٹی آئی کے کارکنوں سے کسی قسم کی زیادتی نہیں کرنے دیں گے ہم اپنے کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کرنا جانتے ہیں اور انکے ساتھ کھڑے ہیں۔پاکستان اور آزاد کشمیر میں اکھٹے ایک ساتھ انتخابات ہونے چاہیں تاکہ دھاندلی کی گنجائش باقی نہ رہے جیسا کہ اس دفعہ نواز نے آزاد کشمیر میں دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔

(جاری ہے)

ہمارا تقابلہ ہمیشہ مقبوضہ کشمیر سے کیا جاتا ہے جیسا کہ وہاں پر سات لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں فراڈ الیکشن ہو تا ہے اسی طرح اگر آزاد کشمیر میں بھی دھاندلی والے الیکشن ہوتے ہیں تو پھر مقبوضہ اور آزاد کشمیر میں کیا فرق رہ جائے گا۔کارکن انتخابات کی تیاری کریں کیونکہ کسی بھی وقت الیکشن کا بگل بج سکتا ہے اور دھاندلی کی حکومت زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی۔

پی ٹی آئی کے حلقہ اندرال ڈڈیال سے امیدوار اظہر صادق کو پی ٹی آئی کشمیر کا نائب صدر نامزد کر دیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں رٹہ ڈڈیال میں حلقہ اندرال کے پی ٹی آئی کشمیر کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اظہر صادق کو حلقے کی تنظیم سازی کا حق ہے اور وہ مشاورت سے کریں جبکہ مجھے مرکزی تنظیم سازی کا اختیار ہے میں اظہر صادق کو پی ٹی آئی کشمیر کا نائب صدر نامزد کرتا ہوں۔

اس پر ورکرز کنونشن میں موجود کارکنوں میں خوشی کی لہر دور گئی اور سب نے کھڑے ہوکرپر جوش انداز میں تالیاں بجائیں۔ اس موقع پر جلسہ عام سے چوہدری اظہر صادق، چیف تاج، خان ظفر خان، چوہدری لیاقت، خواجہ عارف، محمد یاسین، ٹھکیدار رفیق، چوہدری زمان، چئیرمین اکبر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم کسی صورت تقسیم کشمیر نہیں ہونے دیں گے نواز شریف کی حکومت کا جانا اب ٹہر گیا ہے۔

پانامہ لیکس کیس کافیصلہ اب دنوں کی بات ہے ۔پی ٹی آئی ہر میدان میں پہلے بھی سرخرو ہوئی ہے اور اب بھی ہوگی۔ حکومت ہمارے کارکنوں سے زیادتی سے باز رہے۔ ہم اپنے کارکنوں کے حقوق کا تحفظ ہر حال میں کریں گے۔پاکستان اور آزاد کشمیر میں ایک ہی وقت میں انتخابات ہونے چاہیں۔تاکہ انتخابات منصفانہ اور شفاف ہوں۔نواز شریف نے اس دفعہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی کرائی۔

جس طرح مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں فراڈ الیکشن کرائے جاتے ہیں اسی طرح اگر آزاد کشمیر میں بھی انتخابات میں دھاندلی ہو گی تو پھر مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر میں کیا فرق رہ جائے گا۔کارکن الیکشن کی تیاری کریں کیونکہ انتخابات کا بگل کسی بھی وقت بج سکتا ہے اور دھاندلی کی پیداوار حکومت اب زیادہ دیر تک قائم نہیں رہے گی۔