سرینگر، بھارتی پولیس نے انجینئر رشید کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا

بدھ 29 مارچ 2017 16:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید کو آج سرینگر میں درجنوں ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید کے ترجمان انعام النبی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہاہے کہ پولیس نے اس وقت انجینئر رشید اور انکے ساتھیوں کو گرفتار کرلیا جب وہ گزشتہ روز بڈگام میں شہریوں کے قتل کے خلاف احتجاج کیلئے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی رہائش گاہ کی طرف مارچ کر رہے تھے ۔

انہوںنے کہاکہ انجینئر رشید کوجواہر نگر میں انکی رہائش گاہ اور دفتر کے باہر سے گرفتار کیاگیا جب وہ مارچ کیلئے باہر نکلے ۔ انہیں راج باغ پولیس اسٹیشن میں نظر بند کردیاگیا ہے ۔