اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کمیشن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، فاروق رحمانی

بدھ 29 مارچ 2017 16:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے مقبوضہ کشمیر میںضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں ریاستی دہشت گردی اوربھارت کے جابرانہ قبضے کے خلاف آواز بلند کرنے والے کشمیریوں پر بھارتی فوج اور پولیس کی اندھا دھند فائرنگ اور معصوم نوجوانوںکے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ایک رہائشی مکان کو بھی تباہ کرکے ایک خاندان کو بے گھر کردیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن پر زوردیا کہ وہ جموں و کشمیر پر جابرانہ قبضے کو طول دینے کے لیے بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیر میں اس وقت تک امن قائم نہیں ہوسکتا جب تک اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتا جن میں جموں وکشمیر میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کا وعدہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ ایک فریق اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا حامی ہونے کے ناطے مقبوضہ کشمیر میں قیمتی انسانی جانوں کے اتلاف سے بچنے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ا قوام متحدہ میںسفارتی کوششیں شروع کرے۔