مظفر آباد،سردار مسعود خان کی دعوت پر ناروے کے سابق وزیراعظم پاکستان اور آزاد کشمیر کا چار روزہ دورہ کریں گے

بدھ 29 مارچ 2017 17:18

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کی خصوصی دعوت پر ناروے کے سابق وزیراعظم ، دنیا بھر میں انسانی حقوق اور حق خودارادیت کیلئے کام کرنے والے سرگرم رہنما مسٹر کجل مگنے بونڈیوک پاکستان اور آزاد کشمیر کا چار روزہ دورہ کریں گے۔ مسٹر بونڈیوک آج بدھ کی شام کو اسلام آباد پہنچیں گے۔

جہاں ان کی وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین کشمیر کمیٹی سے ملاقات ہو گی۔ جمعرات کی دوپہر کو بذریعہ ہیلی کاپٹر وہ مختصر دورے پر مظفرآباد پہنچیں گے۔ یہاں انہیں ایل او سی کی صورتحال پر متعلقہ حکام بریفنگ دیں گے۔ اسی شام کو ناروے کے سابق وزیراعظم کی صدر آزاد کشمیر اور حریت رہنمائوں سے ملاقات ہو گی۔ جس میں مسلہٴ کشمیر مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال ہو گا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد صدر آزاد کشمیر معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ دینگے۔ جمعہ کو وہ مظفرآباد میں مہاجرین کے کیمپوں اور ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے۔ جمعہ کی شام کو وہ اسلام آباد میں ایک سیمینار سے بھی خطاب کریں گے۔ ناروے کے وزیراعظم کا یہ دورہ مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، ایل او سی سے بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باعث خصوصی اہمیت کا حامل ہو گا۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے مسٹر بونڈیوک کے دورہ آزاد کشمیر کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کے دورے سے مسلہٴ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی