اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کو حاصل اختیارات کی طرز پرآزادکشمیر کو اختیارات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا،چوہدری محمدبرجیس طاہر

محمدنواز شریف نے ہمیشہ آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی ظاہر کی ، ان کے آزادکشمیر کو اٹھارویں ترمیم کی طرز پر ختیارات کی فراہمی کیلئے کیے جانیوالے سنجیدہ اقدامات قابل تحسین ہیں،راجہ فاروق حیدر

بدھ 29 مارچ 2017 17:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کو حاصل اختیارات کی طرز پرآزادکشمیر کو اختیارات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے یہ بات آج وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں آزادکشمیر حکومت کی جانب سے اختیارات کے معاملے پر بریفینگ کے موقع پر کہی۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے آزادکشمیر کو آئینی و معاشی لحاظ سے مزید مستحکم کرنے کیلئے ایک آئینی کمیٹی قائم کی ہے جس نے اپنا کام تیزی سے شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آزادکشمیر حکومت کی جانب سے مختلف حکومتی اُمور اور اختیارات سے متعلق بریفینگ پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اختیارات کے معاملے پر قائم آئینی کمیٹی، آزادکشمیر حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے تمام اُمور کا وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں بڑا باریک بینی سے جائز ہ لینے کے بعد سفارشات مرتب کرکے منظوری کے لیے وزیر اعظم پاکستان کو بجھوائے گی۔

اجلاس میں وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف نے ہمیشہ آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور اُن کی جانب سے آزادکشمیر کو اٹھارویں ترمیم کی طرز پر ختیارات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے سنجیدہ اقدامات قابل تحسین ہیں جن کو آزادکشمیر کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

اُنہوںنے کہا کہ آزادکشمیر حکومت کی گورننس کو مزید بہتر بنانے کے لیی1974 ء کے ایکٹ میں ضروری ترامیم لائی جائیں جس سے آزادکشمیر کے آئینی و معاشی معاملات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا بھی اظہا رکیا گیا اور شہدا ء کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔اجلاس میں آزاد کشمیر حکومت کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی ، وزیر تعلیم سید افتخار علی گیلانی اور ممبر اے جے کے کونسل عبدالخالق وصی کے علاوہ وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان کے وفاقی سیکرٹری پیر بخش جمالی اور چیف سیکرٹری آزادکشمیر جلال سکندر سلطان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :