ڈاکٹرعاصم حسین کی رہائی پیپلزپارٹی کی اخلاقی فتح ہے ،سینیٹر عاجز دھامراہ

وزیراعظم اور بچوں کے نام پاناما لیکس میں شامل ہیں لیکن ای سی ایل میں نام ہمارے رہنماؤں کے ڈالے جارہے ہیں،میڈیا سے گفتگو

بدھ 29 مارچ 2017 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹرعاصم حسین کی رہائی پیپلزپارٹی کی اخلاقی فتح ہے ۔وزیراعظم اور ان کے بچوں کے نام پاناما لیکس میں شامل ہیں لیکن ای سی ایل میں نام ہمارے رہنماؤں کے ڈالے جارہے ہیں ۔وزیراعظم کو اچانک سندھ یاد آگیا ہے لیکن وہ ایسے اعلانات کررہے ہیں جن پر عملدرآمد ممکن نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں سے ڈاکٹرعاصم حسین کو انصاف ملا ہے ۔آج ہماری اخلاقی فتح ہوئی ہے ۔نیب اور ایف آئی اے صرف ایک صوبے میں کارروائیاں کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہمارے رہنماؤں کی گرفتاری اور ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جارہے ہیں ۔وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے نام پاناما لیکس مین شامل ہیں نیب اور ایف آئی اے کو شریف فیملی نظر نہیں آتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق دھمکی آمیز بیانات دے رہے ہیں ۔ان کو چاہیے کہ وہ پہلے ریلوے کے پھاٹک بند کرنے کے انتظامات کریں جس کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اچانک سندھ کی یاد آگئی ہے ۔میاں نواز شریف ایسے اعلانات کررہے ہیں جن پر عملدرآمد ممکن ہی نہیں ہے ۔مسلم لیک (ن) کا وطیرہ رہا ہے کہ وہ آئین و قانون کو نہیں مانتی ہے۔

سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اتحادی افواج کی کمان سنبھال رہے ہیں لیکن اس معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ہے ۔ہمیں کسی کا اتحادی بننے سے پہلے سوچنا ہوگا ایسا نہ ہو کہ دوسروں کو بچاتے بچاتے ہم اپنے ملک کو آگ میں جھونک دیں ۔بہت سارے مسلمان ملک اس اتحاد کا حصہ نہیں ہیں ۔ایسا نہ ہو کہ ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑک اٹھے ۔