بھارت کے پالیسی سازجانتے ہیں وہ کشمیریوں کا جذبہٴ آزادی دبا نہیں سکتے، سید علی گیلانی

بھارت نواز سیاسی جماعتیںجموں و کشمیر میں بھارت کے لیے پُل کا کردار ادا کررہی ہیں،عوام انتخابی ڈرامے کے موقع پر شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھیں ان کے ساتھ بے وفائی نہ کریں، حریت رہنماء

بدھ 29 مارچ 2017 18:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں پیش آنے والے سانحے پر دلی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف ہمارے نوجوانوں کی نسل کشی جارہی ہے اور دوسری طرف بھارت نواز سیاست دان اپنا سارا زور انتخابی ڈرامے کو کامیاب بنانے اور حقیر مفادات حاصل کرنے پر لگارہے ہیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے چاڈورہ میں شہید ہونے والے نوجوان توصیف احمد وگے کے جلوسِ جنازہ سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نواز سیاسی جماعتیںجموں و کشمیر میں بھارت کے لیے پُل کا کردار ادا کررہی ہیں اور جب تک عوام ان سے مکمل علیحدگی اختیار نہیں کرتے ہمارے بچوں کاقتلِ عام جاری رہے گا اور ہم ان کے جنازے اُٹھاتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہید ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری کشمیری قوم اس سانحے سے سوگوارہے لیکن بھارت نواز سیاستدان محض مگر مچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ان کے ضمیر زندہ ہوتے تو وہ بھارت نوازی کو خیرباد کہتے اور انتخابی ڈراموں سے علیحدگی اختیار کرتے۔ آزادی پسند رہنما نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اپنی جنگ ہار چُکا ہے اور بھارت کے پالیسی ساز خوب جانتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کا جذبہٴ آزادی دبا نہیں سکتے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نواز سیاستدان اِن کی واحد اُمید ہیں اور وہ ان ہی کے سہارے ہمارے سروں پر سوار رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے انتخابی ڈرامے کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ جب یہ لوگ اقتدار میں آتے ہیں تو شراب، منشیات اور بے حیائی کو فروغ دیتے ہیں۔ ان کے خلاف رشوت، غبن اور سیکس اسکینڈل کے الزامات ہیں اور اگر منصفانہ تحقیقات کی جائے تو ان سب کی جگہ جیل میں ہوگی۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ ہزاروں اور لاکھوں کی تعداد میں شہداء کے جنازوں میں شریک ہونے والے لوگوں کو چاہیے کہ انتخابی ڈرامے کے موقع پر شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ان کے ساتھ بے وفائی نہ کریں۔ دریں اثناء سید علی گیلانی کی ہدایت پرحریت رہنمائوں تعشوق احمد بانڈے، سید ظہور الحق گیلانی، مولانا مدثر ندوی ، غلام محمد بنگرو اور مختار احمد پر مشتمل ایک وفد چاڈورہ گیا اور شہید ہونے والے نوجوانوں زاہد رشید، عامر فیاض اور اشفاق احمد کے لواحقین سے ِ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وفد نے شہداء کے لواحقین تک حریت چیئرمین کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔

متعلقہ عنوان :