پنجاب میں ہر نوجوان کا پڑھا لکھا ہو نا وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا ویژن ہے، میئر لاہور

بدھ 29 مارچ 2017 18:47

لاہور۔29 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا ہے کہ اسلام میں تعلیم کی اہمیت پر بہت زور دیا گیا ہے اور تعلیم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد وعورت پر فر ض ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ والدین کو اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ہر نوجوان کا پڑھا لکھا ہو نا وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا ویژن ہے اور حکومت اس ضمن میں اپنی تمام تر کا وشیں کر رہی ہے۔

لاہور مئیر کرنل (ر) مبشر جاوید نے ان خیالات کا اظہار الکرم گرائمر سکول میں ہونے والی سالانہ تقریبات سے خطاب کر تے ہوئے کہا۔ الکرم گرائمر سکول گڑھی شاہو میں سالانہ تقریب منعقد ہوئی جس میں مئیر لاہورنے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں کو اپنی تعلیم کی طرف خصوصی توجہ دینی چاہئے کیونکہ بچے ملکی مستقبل کا سرمایہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبعلموں کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو آگے لیکر جانا چاہئے اور ملکی ترقی میں اہم کردارادا کرنے کے لئے اپنی تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لانا چاہئے۔

تقریب کے اختتام پر مئیر لاہور نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے اور تعلیمی میدان میں اعلی کارکردگی پر الکرم گرائمر سکول کی انتظامیہ کو سراہا۔علا وہ ازیں میئر لاہور نے الحمراء ہال میں منہاس سکول کی تقریب تقسیم انعامات میں بھی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر میئر نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر کو ئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا اورماں کی گود سب سے بہتر تربیت گا ہ ہے۔ انہوں نے بچوں میں انعامات تقسیم کیے اور تعلیمی میدان میں نمایاں پو زیشنز حا صل کر نے والے طالب علموں کو خصوصی دا د بھی دی۔