جماعت اسلامی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اورانہیں بااختیار بناناچاہتی ہے‘میاں مقصوداحمد

خیبرپختونخواہ میں جماعت اسلامی یوتھ کے آٹھ لاکھ ممبر بن چکے ہیں‘پانامہ کے فیصلے سے توجہ ہٹانے کے لیے مہنگائی بم گرایاگیا

بدھ 29 مارچ 2017 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے کہاہے کہ جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں بااختیار اور باوسائل بنانے کے لیے سرگرم ہے،الحمدیوتھ پنجاب میں متحرک بھی ہے اور متوجہ بھی ہے اور آپ کو دیکھ کر دلی اطمینان ہوا ہے ،نوجوان ہی کسی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوتے ہیں، پانامہ کے فیصلے سے توجہ ہٹانے کے لیے عوام پر مہنگائی کابم گرایا گیا ہے، حکومت نے مہنگائی کنٹرول نہ کی تو زبردست تحریک چلائیں گے ، اگر حکومت مہنگائی کنٹرول نہیں کرسکتی تو اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں فی الفور مستعفی ہوجائے، جماعت اسلامی یوتھ پاکستان میں آنیوالے الیکشن میں اپنے فعال کردار سے نتائج بدل دے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں جے آئی یوتھ پنجاب کی ایگزیکٹوکونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی نے گرمی سے قبل ہی عوام پر قہر ڈھادیاہے، حکومت خدا کا خوف کرے۔ رمضان سے قبل قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ حکومت کی نہ صرف نااہلی ہے بلکہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ کمیشن مافیا حکومت کے ساتھ مل کر عوام کی کھال ادھیڑنے میں مصروف ہے۔

اگر یہی صورت حال رہی تو حکومت چلانا مشکل ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ افسوس سے کہنا پڑتاہے کہ پنجاب میں حکومت کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔اجلاس سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب بلال قدرت بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان ہماراقیمتی اثاثہ ہیں۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ نوجوانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زوردیا ہے۔ملک کی نصف سے زائدآبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے مگر بدقسمتی سے حکمران ‘ان کی صحیح رہنمائی کرنے کی بجائے انہیں نظر اندازکرنے کی پالیسی اختیارکیے ہوئے ہیں۔

جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی یوتھ کا ہر نوجوان معاشرے کی عملی تصویر بن کر ابھرا ہے۔ پنجاب میں ممبرسازی کا آغاز کردیا گیا ہے ۔نوجوانوں کو پاکستان کی سب سے بڑی یوتھ تنظیم میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں ، نوجوان آئیں اور قیادت کرتے ہوئے پاکستان میں تعمیر کے قافلہ میں شامل ہوجائیں۔ خیبرپختونخوا میں جماعت اسلامی یوتھ کے آٹھ لاکھ ممبر بن چکے ہیں جبکہ یوتھ الیکشن کے بعد پچاس ہزار نوجوان منتخب ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں بھی یوتھ کو متحرک کر کے پنجاب سے مغل شہزادوں کی اجارہ داری ختم کردیں گے۔ پنجاب میں جلد یوتھ الیکشن کا باقاعدہ اعلان کیاجائے گا۔ 2018کے الیکشن میں جماعت اسلامی جے آئی یوتھ کے فعال کردار سے نمایاں کامیابیاں سمیٹے گی۔اجلاس سے سیکرٹری جنرل جے آئی یوتھ عثمان جاوید، امیرجماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہداور دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :