فاٹا میں تعلیمی سہولیات بہتربنانے کیلئے خاطرخواہ پیش رفت ہوئی ہے،رواں مالی سال کے دوران محض سکولوں سے متعلق ترقیاتی سکیموں پر ساڑھے تین ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں

خیبرپختونخوا کے گورنر انجینئراقبال ظفرجھگڑا کا"ہفتہ فاٹا" کی اختتامی تقریب سے خطاب

بدھ 29 مارچ 2017 19:47

فاٹا میں تعلیمی سہولیات بہتربنانے کیلئے خاطرخواہ پیش رفت ہوئی ہے،رواں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) خیبرپختونخوا کے گورنر انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ فاٹا میں تعلیمی سہولیات بہتربنانے کیلئے خاطرخواہ پیش رفت ہوئی ہے اوررواں مالی سال کے دوران محض سکولوں سے متعلق ترقیاتی سکیموں پر ساڑھے تین ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ جمعرات کے روز پشاورمیں اے ۔وی ۔ٹی خیبر کے زیراہتمام منائے گئی"ہفتہ فاٹا" کی اختتامی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اس پیکج میں شامل59 سکیموں کے تحت سینکڑوں کی تعداد میں پرائمری ،مڈل اورہائی سکولوں کا درجہ بڑھایا جارہاہے جن میں سے 35 منصوبے پہلے ہی مکمل ہوچکے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیرانجینئرامیرمقام، بعض اراکین پارلیمنٹ اورمتعدد قبائی عمائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر نے مزیدکہا کہ یہ پورا پیکج امسال مکمل کیاجائے گا جس میں گورنمنٹ سکولوں میںزیرتعلیم طلباؤ طالبات کو درسی کتب کی مفت فراہمی بھی شامل ہے۔ گورنر نے واضح کیا کہ حکومت نے فاٹا کے عوام کی فلاح وبہبود کی ہرمثبت تجویز کاخیرمقدم کرتے ہوئے انہیں عملی شکل دینے کیلئے وسائل کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فاٹا میں درپیش مشکلات کا متحد ہوکر پورے حوصلے سے سامنا کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں خودقبائلی عوام کا کردار بھی بہت قابل قدرہے۔ گورنر نے فاٹا ویک منانے کوسراہا اورکہا کہ بلاشبہ اس کی بدولت علاقے اوراس کے عوام کابہترتشخص اجاگر کرنے میں مددملی ہے۔ ا نہوں نے اے ۔ وی ۔ٹی خیبرکی انتظامیہ کی جانب سے قبائل کی ثقافت و روایات کو اجاگر کرنے میں گہری دلچسپی لینے کو بھی سراہا۔اس موقع پر اے۔وی۔ٹی خیبر کے جناب حضرت خان مومند اوردیگرنے گورنر کا خیرمقدم کیا اورتقریب میں شرکت پران کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :