حکومت فروغ تعلیم کے لئے انقلابی اقدامات کررہی ہے، گورنر پنجاب

بدھ 29 مارچ 2017 20:23

لاہور۔29 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے نوجوان نسل بالخصوص طلبہ وطالبات کو ایسی فکر،سوچ اور طرز عمل اپنانا چاہیے کہ جس سے ملک کو درپیش مسائل سے نہ صرف چھٹکارا حاصل ہو سکے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایسی شناخت ملے جس پر پوری دنیا رشک کر سکے ۔ وفاقی اورصوبائی حکومت فروغ تعلیم کے لئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے جو ایک نئی روشن صبح کی دلیل ہے اور اس اقدام سے نہ صرف جہالت کے اندھیرے ختم ہو ںگے بلکہ پاکستان بہت جلد ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہارگورنر پنجاب وچانسلر یونیورسٹی آف سرگودھاملک محمد رفیق رجوانہ نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام پانچویں کانووکیشن 2017ء کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیمی اداروں بالخصوص جامعات کو جدید تحقیق پر مبنی ایسا نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے جو معاشرے کو باصلاحیت اور ہنر مند افراد مہیا کرے اوراُس کا واحد حل اسی میں مضمر ہے کہ ہم سب اُن اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے تگ ودو کریںجوپاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے ضروری ہے۔

گورنر پنجاب نے ا س موقع پر یونیورسٹی آف سرگودھا کی تعلیمی وتحقیقی کارکردگی کو بے حد سراہا اور کہا کہ اس ادارے کی ترقی کے لئے مزید فنڈ فراہم کیے جائیں گے۔کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کو پاکستان کی بہترین اور نمبر ون یونیورسٹی بنانا میرااوّلین مشن ہے جس کے لئے ہم نے اپنے تمام تعلیمی وانتظامی شعبہ جات کو اپ گریڈ کر دیا ہے ۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب سے سرگودہا چیمبر آف کامرس کے صدر قیصر اقبال اور مرکزی انجمن تاجران کے صدر خواجہ احمد حنیف کی قیادت میں تاجروں کے نمائندہ وفد اور سرگودہا سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی ایم این اے چوہدری حامد حمید ‘ ارکان صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز اور عبدالرزاق ڈھلوں نے ان سے سرکٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر برادری قومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور کاروباری سرگرمیوں میں وسعت کی وجہ سے لوگوں کے لئے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ دریں اثناء، گورنر پنجاب سے سرکٹ ہاؤس سرگودہا میں سرگودہا بار کے صدر راؤ فضل الرحمن کی قیادت میں وکلاء کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وفد نے سرگودہا میں ہائی کورٹ بینج کے قیام اوردیگر مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے اس موقع پر وکلاء برادری کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :