لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی تعلیم نسواں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،رضا علی گیلانی

بدھ 29 مارچ 2017 20:37

لاہور۔29 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی تعلیم نسواں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ اس کا شمار دنیا کی نمایاں جامعات میں ہو۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدائت پر آئندہ بجٹ میں تعلیم کیلئے رقم بڑھادیں گے۔تعلیم اور تحقیق کا معیار بلند کرنے کیلئے وائس چانسلرز اپنی ضروریات بتائیں ہم سرپرستی کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضاعلی گیلانی نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں سپورٹس ڈے کے موقع پر بطورمہمان خصوصی خطاب میں کیا۔وائس چانسلرڈاکٹر رخسانہ کوثر، حبیدہ رئوف اعظم،ڈین ڈاکٹر بشریٰ خان،ڈاکٹر محمد افضل، عظمیٰ قریشی، کرنل عمران پاشا،فنانس آفیسر نثار بزمی،اساتذہ اور طالبات نے سپورٹس ڈے کی رنگا رنگ تقریبات دیکھیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلرڈاکٹر رخسانہ کوثرنے سپورٹس ڈے کے انعقاد پر طالبات،ڈائریکٹر سپورٹس ان کی ٹیم اور سٹاف کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں صحتمند افراد بنانے میں مدد دیتی ہیں ۔ کھیل کے میدان آباد ہوں تو ہسپتال ویران رہتے ہیں۔وائس چانسلر نے وزیر تعلیم کو بتایا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے رواں برس کئی ٹائٹل اپنے نام کئے ہیں اور حال ہی میں نیشنل انٹر یونیورسٹی باسکٹ بال چمپئن شپ جیتی ہے۔

ڈائریکٹر سپورٹس حمیرا مغل نے بتایا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے سپورٹس میں ہمیشہ کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ہماری طالبات اس وقت متعدد کھیلوں میں قومی ٹیم کی نمائدگی کر رہی ہیں۔ سپورٹس ڈے میں طالبات کیلئے ایروبکس، 200 میٹر ریس، رکاوٹی ریس، جمناسٹک شو، 400 میٹر ریس، چاٹی ریس، ریلے ریس، بیلنس ریس اور رسہ کشی کے مقابلے رکھے گئے ۔کلاس فور کے ملازمین کیلئے دوڑ اور مہمانوں کیلئے میوزیکل چیئر کا بھی اہتمام کیا گیا۔