پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے نوجوان نسل بالخصوص طلبہ وطالبات کو ایسی فکر،سوچ اور طرز عمل اپنانا چاہیے کہ جس سے ملک کو درپیش مسائل سے نہ صرف چھٹکارا حاصل ہو سکے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایسی شناخت ملے جس پر پوری دنیا رشک کر سکے۔ وفاقی اورصوبائی حکومت فروغ تعلیم کے لئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے جو ایک نئی روشن صبح کی دلیل ہے اور اس اقدام سے نہ صرف جہالت کے اندھیرے ختم ہو ںگے بلکہ پاکستان بہت جلد ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کایونیورسٹی آف سرگودھا کے کانووکیشن سے خطاب

بدھ 29 مارچ 2017 20:49

پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے نوجوان نسل بالخصوص طلبہ وطالبات ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہپاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے نوجوان نسل بالخصوص طلبہ وطالبات کو ایسی فکر،سوچ اور طرز عمل اپنانا چاہیے کہ جس سے ملک کو درپیش مسائل سے نہ صرف چھٹکارا حاصل ہو سکے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایسی شناخت ملے جس پر پوری دنیا رشک کر سکے۔ وفاقی اورصوبائی حکومت فروغ تعلیم کے لئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے جو ایک نئی روشن صبح کی دلیل ہے اور اس اقدام سے نہ صرف جہالت کے اندھیرے ختم ہو ںگے بلکہ پاکستان بہت جلد ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا۔

وہ بدھ کویونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام پانچویں کانووکیشن 2017ء کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیمی اداروں بالخصوص جامعات کو جدید تحقیق پر مبنی ایسا نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے جو معاشرے کو باصلاحیت اور ہنر مند افراد مہیا کرے اوراٴْس کا واحد حل اسی میں مضمر ہے کہ ہم سب اٴْن اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے تگ ودو کریںجوپاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے ضروری ہے۔

انہوںنے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا حصول محض مختلف تعلیمی شعبہ جات اور مضامین میں ڈگریوں کے حاصل کرنے تک محدود نہیں ہونا جاہیے بلکہ فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ وطالبات اپنی جسمانی ،ذہنی قابلیت اور صلاحیت کے ساتھ ذاتی زندگی میں انقلاب لانے کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر وترقی میں بھی بھرپور رکردار ادا کریں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل مضبوط اور انتہائی شاندار ہے اور سی پیک جیسا عظیم الشان منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدل دے گااور اس کا تمام کریڈیٹ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور تعمیری سوچ رکھنے والے پاکستانیوںکو جاتا ہے۔

گورنر پنجاب نے ا س موقع پر یونیورسٹی آف سرگودھا کی تعلیمی وتحقیقی کارکردگی کو بے حد سراہا اور کہا کہ اس ادارے کی ترقی کے لئے مزید فنڈ فراہم کیے جائیں گے۔کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کو پاکستان کی بہترین اور نمبر ون یونیورسٹی بنانا میرااوّلین مشن ہے جس کے لئے ہم نے اپنے تمام تعلیمی وانتظامی شعبہ جات کو اپ گریڈ کر دیا ہے۔

اٴْنہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے اساتذہ نے بے حد غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں جن کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ نہ صرف شہر بلکہ پاکستان میں ایک تعلیمی انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا تعلیمی میدان کا ایک ایسا خوبصورت اور نظم وضبط سے بھرپور جزیرہ ہے جس میں کبھی بھی نقصِ امن نہیں ہوااور ہم ارتقائی راستے کی جانب رواں دواں ہیں۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ سے سرگودہا چیمبر آف کامرس کے صدر قیصر اقبال اور مرکزی انجمن تاجران کے صدر خواجہ احمد حنیف کی قیادت میں تاجروں کے نمائندہ وفد اور سرگودہا سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی ایم این اے چوہدری حامد حمید ‘ ارکان صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز اور عبدالرزاق ڈھلوں نے ان سے سرکٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

اس موقع پر کمشنر سرگودہا ڈویڑن ندیم محبوب ‘ ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ او رڈی پی او سہیل چوہدری بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر برادری قومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور کاروباری سرگرمیوں میں وسعت کی وجہ سے لوگوں کے لئے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سوچ اپنانے سے مسائل باآسانی حل ہو سکتے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ حکومت تاجروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن سے انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہو اور سہولیات میں اضافہ ہو سکے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب میں دیہی اور شہری علاقوں کی یکساں ترقی کے لئے حکومت ہر ممکن وسائل مہیا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا بنیادی مقصد عوام کی ترقی اور خوشحالی ہے جس کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ دریں اثناء، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے سرکٹ ہاؤس سرگودہا میں سرگودہا بار کے صدر راؤ فضل الرحمن کی قیادت میں وکلاء کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد نے سرگودہا میں ہائی کورٹ بینج کے قیام اوردیگر مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے اس موقع پر وکلاء برادری کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔