ریاست کا وجود ہی امن کیلئے ہے ،ریاست ہر فرد کو پرامن فضا دے جہاں ہر شہری اپنے بنیادی حقوق کو استعمال کرسکے

قائمقام آئی جی پولیس سید اختر علی شاہ کا امن کیلئے وکالت کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ سے خطاب

بدھ 29 مارچ 2017 21:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) قائمقام انسپکٹر جنرل آف پولیس سید اختر علی شاہ نے کہا ہے کہ ریاست کا وجود ہی امن کے لیے ہے اورریاست اور عوام کے درمیان سماجی معاہدہ ہے کہ ریاست ہر فرد کو پرامن فضا دے جہاں ہر شہری اپنے بنیادی حقوق کو استعمال کرسکے۔ اس میں جان و مال اور آبرو کا تحفظ اولین ہے۔ وہ بدھ کو فیتھ فرینڈز کے زیر اہتمام ’’امن کے لیے وکالت‘‘ کے موضوع پر مقامی ہوٹل میں منعقدہ ورکشاپ میں مہمان خصوصی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے، جس میں صوبے کے تمام مکاتب فکر اور مذاہب کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

جبکہ سابقہ صوبائی وزیرقاری روح اللہ مدنی ، پیٹر سرفراز ہمفری بشپ خیبر پختونخوا اور ڈاکٹر حافظ عبدالغفور نے بھی ورکشاپ سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سید اختر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان نے اقوام عالم میں آگے جانا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہماری افرادی قوت بہترین صلاحیتوں سے لیس ہو اور ان کی تعلیم و تربیت کا بہتر بندوبست ہو۔ ہمیں فروعی اختلافات اور جھگڑوں پر توانائیاں استعمال کرنے کی بجائے غربت، بھوک،افلاس کے خلاف جدوجہد کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد یہ ہونی چاہیئے کہ ہر شہری کو پینے کا صاف پانی ملے، شرح تعلیم زیادہ ہو، معیار تعلیم بڑھے اورکھیل کود کے میدان آباد ہوں اور روزگار زیادہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ہم دنیا کے صف اولین میں شامل ہوسکتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ تمام توانائیاں امن کے قیام پر صرف ہو کراور معاشرہ دن دگنی رات چوگنی ترقی کے منازل طے کرسکے۔

متعلقہ عنوان :