ملک میں دہشت گردی ،کرپشن ، غربت اورمہنگائی جیسے مسائل کی جڑ حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں

امیر جماعت اسلامی پشاور ہدایت اللہ خان کا اجلاس سے خطاب

بدھ 29 مارچ 2017 21:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) قائمقام امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور ہدایت اللہ خان نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی ،کرپشن ، غربت اور مہنگائی جیسے خطرناک مسائل کی جڑ حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں۔پشاور میںخوشحال پاکستان فنڈمہم کے لیے 22مرکزی کیمپ لگائے جائیں گے " خوشحال پاکستان -" کیمپ میں یوتھ بڑی تعداد موجود ہوں گے جس کی نگرانی جماعت اسلامی کے ذمہ داران کریں گے ۔

وہ بدھ کو ضلعی ہیڈکوارٹرمیں خوشحال پاکستان فنڈ مہم اور گرینڈیوتھ کنونشن کے حولے سے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع پشاور عتیق الرحمن ، سینئرنائب صدر جے آئی یوتھ خیبرپختونخوا حافظ حمید اللہ ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی سمیع اللہ ترابی ، صدر جے آئی یوتھ ضلع پشاور محمد صدیق الرحمن پراچہ اور دیگر ذمہ داران بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت اللہ خان نے کہاکہ ملک بے شمار مسائل کا شکار ہو رہا ہے جس میںطبی سہولیات کا فقدان، لوڈشیڈنگ کا عذاب ، بے روزگاری اور جرائم شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی رابط عوام مہم کا مقصد ملک میں مثبت تبدیلی کے ذریعے اسلامی اور خوشحال پاکستان ہے۔ملکی اثاثہ جات کو گروی رکھنا اور قوم کو مزید مقروض کرنا حکمرانوں کے نزدیک ترقی کہلاتی ہے، ہماری اپنی کوئی پالیسی نہیں ہے اور غیر کے منصوبے ہمارے مستقبل کا تعین کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے اداروں کو تباہ کر دیا ہے اداروں میں شفافیت نہ ہونے کی وجہ سے 2013ء کے انتخابات میں قومی وحدت کو شدید دھچکا لگا ۔انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے ایوانوں میں بیٹھ کرعوامی خدمت کے لیے پلاننگ کی بجائے اپنی اپنی کرپٹ لیڈرشپ کو بچانے اور ایک دوسرے کو نیچا دیکھنے میں مصروف عمل ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی اور بقاء کے لیے قوم جماعت اسلامی کی خوشحال پاکستان فنڈ میں دل کھول کر مالی تعائون کے لیے ہماری دیانیدار قیادت سراج الحق کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی ملک کوکرپشن سے پاک، اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانا چاہتی ہے۔