اسلام آباد میں پانی کی شدید قلت، تحریک انصاف کا وفاقی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز

پانی کا مسئلہ متعدد بار قومی اسمبلی اور میئر اسلام آباد تک ہر فورم پر اٹھانے کے باوجود جوں کا توں ہے، اسلام آباد کے عوام کو پیاسا تڑپایا جا رہا ہے، راجہ خرم نواز ا/ شہزاد گل

بدھ 29 مارچ 2017 20:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2017ء) دارالحکومت اسلام آباد میں پانی کی شدید قلت پر تحریک انصاف اسلام آباد نے وفاقی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا جس کا مقصد اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ اسلام آباد میں پانی کا مسئلہ متعدد بار قومی اسمبلی اور میئر اسلام آباد تک ہر فورم پر اٹھانے کے باوجود جوں کا توں ہے۔

اسلام آباد کے عوام کو پیاسا تڑپایا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے صدر راجہ خرم نواز اور جنرل سیکریٹری شہزاد گل نے اپنے ایک بیان میں کیا۔احتجاجی تحریک میںصدر ٹریڈرز وونگ ندیم گجر، جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ این اے 48 جمشید مغل سمیت تحریک انصا ف اسلام آباد کی تمام قیادت نے بھرپورحصہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہزاد گل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اسلام آباد میں پانی جیسا بنیادی مسئلہ حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

یومیہ پانی کی ضرورت پورے کرنے کے لیے 150MGD پانی درکار ہے جبکہ سپلائی صرف 50MGDمل رہی ہے اور عوام کو ٹینکرز مافیہ کے ہاتھوں یرغمال بنا دیا گیا ہے۔ منسٹر کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اپنے کیے گئے جھوٹے وعدوں سے عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ تحریک انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ منسٹر کیڈ اپنے وعدوں کے مطابق پانی کے مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کریں بصورت دیگر پی ٹی آئی آیئندہ لائحہ عمل کا اعلان جلد کرے گی۔