الیکشن کاغذات نامزدگی کیساتھ امیدواروں سے کرپشن اور منشیات کا ڈوپ ٹسٹ بھی لیا جائے،مشتاق احمد خان

لاکھ نوجوان جماعت اسلامی یوتھ کے ممبر اور 10ہزار عہدیدار منتخب کرائے ہیں،16اپریل کو پشاور میں ایک لاکھ نوجوانوں کا کنونش منعقد کریں گے

بدھ 29 مارچ 2017 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ اگلے انتخابات سے قبل کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران امیدواروں سے کرپشن اور منشیات کا ڈوپ ٹسٹ لینے کے لیے خون کے نمونے بھی حاصل کیے جائیں۔نوجوانوں کی قوت سے ملک کو ڈیلر نما لیڈروں سے نجات دلائیں گے ۔وہ آدم ڈھیرئی ادینزئی میں یوتھ کنونش سے خطاب کر رہے تھے۔

کنونشن سے جماعت اسلامی ضلع دیر پائیں کے نائب ناظم عبدالرشید ،جماعت اسلامی کے ضلع امیر مولانا اسداللہ ،جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر شاد محمد خان اور تحصیل امیر راہی شاہ کے علاوہ نومنتخب آٹھ یونین کونسل صدور نے بھی خطاب کیا۔مشتاق احمد خان نے نومنتخب صدور اور کابینہ ارکان سے حلف بھی لیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ70سال سے مسلط وہ لیڈر ہیں جو اصل میں ڈیلر ہیں۔

ان ڈیلروں نے قومی دولت کا سودا کیا ہے اور چار سو ارب ڈالر بیرون ملک بینکوں میں منتقل کیے۔ان ڈیلروں نے امریکہ سے اقتدار کے عوض قوم کی عزت اور بیٹی عافیہ صدیقی کو بیچا۔یہ لبرلزام ،سیکولزازم اور ورشن خیالی کے نام پر قومی خزانے پر سانپ بنے بیٹھے ہیں۔اس ملک کے 18کروڑ آبادی میں 13کروڑ نوجوان ہیں اس لیے اقتدار نوجوانوں کا جمہوری حق ہے لیکن مختلف پارٹیوں میں بیٹھے یہ لیڈر اپنے بچوں کے زبدہ باد کے نعرے لگوانے کے لیے نوجوانوں کو استعمال کر رہے ہیں۔

یہ ابھی سے بلاول اور مریم نواز کی وزارت عظمیٰ کے نعرے دے رہے ہیں۔ انھوں نے اعلان کیا کہ 2018کے انتخابات میں جماعت اسلامی50فی صد ٹکٹ نوجوانوں کو دے گی۔انھوں نے کہا کہ رنگ برنگے جھنڈوں والی یہ جماعتیں اصل میں انجمن غلامان کے ارکان ہیں اور امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے قوم کو غلام بنائے رکھا ہے۔ان کو قوم کی صحت و تعلیم اور نوجوانوں کے روزگار اور کھیل کود سے کوئی تعلق نہیں۔

منشیات اور سمگلنگ کے اڈوں کی سرپرستی یہی لوگ کر رہے رہیں جبکہ جماعت اسلامی نوجوانوں کی طاقت کو ترقی،خوشحالی ،امن اور ورزگار کے لیے استعمال کر رہی ہے۔خیبر پختونخوا میں میں ہم نے آٹھ لاکھ نوجوانوں کو جے آئی یوتھ کا ممبر بنایا ہے۔یونین کونسل کی سطح پر دس ہزار عہدیداروں کا انتخاب کرکے معاشرہ کوبہت بڑی طاقت دی ہے۔16 اپریل کو پشاور میں ایک لاکھ نوجوانوں کا کنونش ہوگا جس میں ان نوجوانوں سے خوشحال پاکستان کا حلف لیں گے۔

ان کی طاقت سے ایسا پاکستان وجود میں لائیں گے جہاں پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔بدامنی اور دھماکے ختم ہو جائیں گے۔ہر بچے کے لیے تعلیم اور علاج معالجہ کی سہولیات کی مفت فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔ہر شہری کو رہائش کی سہولت حاصل ہوگی۔جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ کسی جماعت کے پاس نوجوانوں کے لیے کوئی پروگرام نہیں ۔

اپنے بیٹے اور بیٹیوں کو نوجوانوں کے کاندھوں پر سوار رکھتے ہیں اور اپنے زندہ باد کے نعرے لگواتے ہیں۔دوسری طرف ہم نوجوانوں کو آگے لا رہے ہیں ان کو اپنی قیادت کے انتخاب کا موقع پر فراہم کیا۔ان کو اسمبلیوں میں بھیجیں گے ان کے ہاتھ میں اقتدار دیں گے۔انھوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ کے نوجوانوں نے اسلام کے لیے جینے اور مرنے کا حلف اٹھایاہے۔

وہ اسی حلف کی پاسداری کرتے ہوئے کھیل کے ایک ایک میدان میں جائیں گے ہر گلی اور کوچے میں پہنچیں گے اور نوجوانوں کو جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں گے اور ان کو اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے لشکر میں شامل کرائیں گے۔ہم نے جوانوں کو نعرہ دیا ہے کہ ساتھ ہوگا نوجواں آگے بڑھے گا پاکستان۔انھوں نے کہا کہ جاپان،ملائشیا اور سنگاپور نے ترقی کی ہے لیکن ہمارے ڈیلر حکمرانوں کو اگر یہ ممالک دو سال کے لیے بھی مل گئے تو ان کا ستیا ناس ہوجائے گا۔

جلسہ میں تحصیل امیر راہی شاہ نے سانام ڈیم کی تعمیر اور اسے متاثرہ لوگوں کے متبادل انتظام کے ساتھ چکدرہ سے بائی پاس روڈ کی تعمیر کے مطالبہ کی قرارداد پیش کی جس کی متفقہ منظوری دی ۔کنونشن میں اوسکئی کی سماجی شخصیت ارشاد خان نے الخدمت فائونڈیشن کو ایک ایمبولنس گاڑی کا عطیہ دیا ۔مشتاق احمدخان نے گاڑی کی چابی وصول کرکے الخدمت فائونڈیشن تحصیل ادینزئی کے صدر عطاء اللہ خان کے حوالے کی۔