سیاسی ومذہبی رہنمائوںاور سول سوسائٹی اراکین کا یوم الارض فلسطین پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی ، شاہراہ قائد اعظم پر پودے لگائے گئے

بدھ 29 مارچ 2017 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے تحت فلسطینیوں کے اکتالیسویں یوم ارض کے موقع پر پودے لگا کر یکجہتی کی گئی۔ شجر کاری کا مرکزی پروگرام شارع قائدین پر مزار قائد کے سامنے منعقد ہوا جس میں رکن قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شاہدہ رحمانی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شجر کاری مہم میں پودے لگائے ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رکن قومی اسمبلی محترمہ شاہدہ رحمانی کاکہنا تھا کہ فلسطین کی آزادی ناگزیرہے اور مسئلہ فلسطین صرف مسلم امہ کا ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے جس کے لئے فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی کارکردگی قابل تحسین ہے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ناگوری نے کہا کہ وہ فلسطینیوں کے یوم ارض کے موقع پر فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے اشتراک سے کراچی بھر میںدس ہزار پودے لگا کر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے، چیئر مین ڈی ایم سی ایسٹ معید احمد کاکہنا تھا کہ فلسطین فائونڈیشن کا شجر کاری مہم منانا مثبت اور خوش آئیند ہے ، شہری حکومت اس طرح کے مثبت اقدامات کو ہر سطح پر تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور فلسطین کی جد وجہد آزادی کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب میں معزز مہمانان گرامی میںجماعت اسلامی کے رہنما سابق رکن قومی اسمبلی مظفر ہاشمی، محمد حسین محنتی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، معروف مقرر اور بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ اویس ربانی، آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ مقصود علی ڈومکی، جعفریہ الائنس پاکستان کے سید شبر رضا، پاکستان پیپلز پارٹی ہیومن رائٹس کے فیصل شیخ، جماعت اسلامی یوتھ سندھ کے صدر فرہاد گل ، انسانی حقوق کے اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں میں حارث علی مٹھانی، ڈاکٹرخالد اختر ، علامہ مبشر حسن، علامہ نشان حیدر، ناصر حسینی، مظہر احمد، فرید میمن اور فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابو ابر مریم سمیت علی احمر،فرحت عباس، ظہیر حیدر، مدثر خان اور دیگر شریک ہوئے اور اپنے اپنے حصہ کا ایک پودا لگا کر فلسطین کے اکتالیسویں یوم ارض پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے صیہونی اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔