امریکی محکمہ خارجہ کی سابق فوجی ملازمہ پر چینی ایجنٹس سے خفیہ روابط کا الزام

جمعرات 30 مارچ 2017 10:20

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) امریکا کے محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ حساس معلومات تک رسائی کی حامل محکمہ خارجہ کی ایک سابق فوجی ملازمہ پر چین کے انٹیلی جنس ایجنٹس کے ساتھ خفیہ روابط کا الزام عائد کیا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق درخواست کے مطابق 60 سالہ کینڈیس میری کلائیبورن نے تحائف کی شکل میں ہزاروں ڈالر لیے۔

محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ انھیں انتہائی اعلیٰ درجے کی سکیورٹی کلیئرنس حاصل تھی اور کسی بھی غیرملکی انٹیلی جنس ایجنسی سے تعلق رکھنے والے مشتبہ افراد کے ساتھ کسی بھی رابطے کے بارے میں آگاہ کرنے کی پابند تھیں۔بیان کے مطابق کلائیبورن چین کے دو انٹیلی جنس ایجنٹس کے ساتھ بارہا روابط کے بارے میں آگاہ کرنے میں ناکام رہیں، یہاں تک کہ ان ایجنٹس نے انھیں ہزاروں ڈالر تحائف کی شکل میں کلائیبورن اور ان کے خاندان کو پانچ سال کے دوران دیے۔

(جاری ہے)

اس ملازم پر سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے اور ایف بی آئی سے غلط بیانی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔کینڈیس میری کلائیبورن کو منگل کو گرفتار کیا گیا اور بدھ کو انھوں نے عدالت میں اپنے اوپر عائد الزامات کی تردید کی۔کینڈیس میری کلائیبورن نے 1999ء میں محکمہ خارجہ کے ساتھ کام کا آغاز کیا تھا اور عراق، سوڈان اور چین سمیت متعدد غیرملکی مشنز پر کام کر چکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :