داعش کے خلاف لڑائی میں عراقی سکیورٹی فورسز کے 284 اہلکار ہلاک،1600 زخمی ہوئے

جمعرات 30 مارچ 2017 11:33

داعش کے خلاف لڑائی میں عراقی سکیورٹی فورسز کے 284 اہلکار ہلاک،1600 زخمی ..
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) عراق کے شمالی شہر موصل کے مغربی حصے کو بازیاب کرانے کے لیے داعش کے خلاف لڑائی میں عراقی سکیورٹی فورسز کے 284 اہلکار ہلاک اور 1600 سے زیادہ زخمی ہوئے ۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق عراقی فورسز کی ہلاکتوں کے یہ اعداد وشمار امریکی فوج کی مرکزی کمان کے سربراہ آرمی جنرل جوزف ووٹل نے کانگریس کی ایک کمیٹی میں بیان دیتے ہوئے فراہم کیے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا ہے کہ مشرقی موصل کو داعش سے بازیاب کرانے کی کارروائی میں عراقی سکیورٹی فورسز کے 490 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے اور 3 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔عراقی فورسز اور داعش کے درمیان اس وقت مغربی موصل کے قدیم حصے میں نوری مسجد کے نزدیک شدید لڑائی ہورہی ہے اور عراقی فوج کے خصوصی دستے اور وفاقی پولیس کے اہلکار داعش کے اس مضبوط گڑھ کے آس پاس کے علاقے میں اپنی گرفت مضبوط بنانے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ اس علاقے میں عمارتوں کی چھتوں پرداعش کے ماہر نشانہ باز ان کی سخت مزاحمت کررہے ہیں۔عراقی اور امریکی اتحاد کے لڑاکا طیارے داعش کے خلاف زمینی کارروائی کے علاوہ فضائی حملوں میں بھی نشانہ بنا رہے ہیں جن میں داعش کا کم اور عام شہریوں کا زیادہ جانی نقصان ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :