ممبئی میں جناح ہائوس قائداعظم کی رہائش گاہ رہا ہے ،ْ بھارت جناح ہائوس کی پاکستانی ملکیت اور اہمیت کا خیال رکھے ،ْپاکستان

جمعرات 30 مارچ 2017 14:25

ممبئی میں جناح ہائوس قائداعظم کی رہائش گاہ رہا ہے ،ْ بھارت جناح ہائوس ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) پاکستان نے کہا ہے کہ ممبئی میں جناح ہائوس قائداعظم کی رہائش گاہ رہا ہے ،ْ بھارت جناح ہائوس کی پاکستانی ملکیت اور اہمیت کا خیال رکھے ،ْ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی دبانے کیلئے ظلم کا بازار گرم ہے ،ْعالمی برادری اور اقوام متحدہ ، بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے ،ْ کلبھوشن یادیو کی پاکستان میں موجودگی اور گرفتاری سے بڑھ کر بھارتی مداخلت کا کوئی ثبوت نہیں ہوسکتا ،ْسی پیک سے ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی جمعرات کو دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی دبانے کیلئے ظلم کا بازار گرم ہے ،ْ بھارتی افواج نے گزشتہ روز بھی چار نوجوان کشمیریوں کا بہیمانہ قتل کیا، مقبوضہ کشمیرمیں ایک شہید کے جنازے پربارود کا استعمال کیا گیا ،ْنئی شہادتوں سے شہید کشمیریوں کی تعداد 150 ہو گئی ہے ،ْ11 ہزار سے زائد کشمیریوں کی بینائی پیلٹ سے متاثر ہوئی، ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں ،ْعالمی برادری اور اقوام متحدہ ، بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے غیر مستقل انسانی حقوق کمیشن نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا تاہم بھارت نے کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت نہیں دی جوانتہائی افسوس ناک ہے۔ممبئی میں واقع قائد اعظم کی رہائش گاہ کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ممبئی میں جناح ہائوس قائداعظم کی رہائش گاہ رہا ہے ،ْ بھارت جناح ہائوس کی پاکستانی ملکیت اور اس کی اہمیت کا خیال رکھے ،ْ انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان بھارتی حمایت یافتہ اور مالی امداد سے جاری دہشت گردی کا شکار ہے، سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ میں بھارتی سرکاری اداروں کا ہاتھ ثابت شدہ ہے، کلبھوشن یادیو کی پاکستان میں موجودگی اور گرفتاری سے بڑھ کر بھارتی مداخلت کا کوئی ثبوت نہیں ہوسکتا ،ْ بین الاقوامی برادری کو بھارتی راہنماوں کے بیانات کا نوٹس لینا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں وہیں کی ہندو انتہا پسند تنظیمیں دہشت گردی کر کے الزام دوسروں پر لگاتی ہیں ،ْبھارت میں اقلیتوں باالخصوص مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک معمول بن چکا، بھارتی گجرات میں 2002 میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔نفیس زکریا نے کہاکہ سی پیک سے ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی، سی پیک کے تحت حال ہی میں حب کول پاور پلانٹ کا افتتاح کیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے امریکا میں سابق سفیر حسین حقانی کو ویزوں کے اجراء کی اجازت دیئے جانے سے متعلق تبصرہ کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ویزہ پالیسی وزارت داخلہ بناتی ہے، لہذا حسین حقانی اور ویزوں کے معاملے پر وزارت داخلہ سے رجوع کیا جائے۔حسین حقانی کو پاکستان میں سفارتی استثنیٰ سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہاکہ کسی بھی سفیر کو اپنے ملک میں کوئی سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں ہوتا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سرحد پار دہشت گردی روکنے کے لیے افغانستان کے ساتھ بارڈر مینجمنٹ انتہائی ضروری ہے۔نفیس ذکریا نے کہاکہ بہتر بارڈر مینجمنٹ سے پاک-افغان سرحد کو دہشت گردی کا موجب بننے سے روکا جا سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پاکستان اور افغانستان کو مل کر کام کرنا ہوگا۔نفیس ذکریا کے مطابق4 ملکی کور گروپ مسئلہ افغانستان اور مفاہمتی عمل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ روس نے اپریل میں افغان معاملے پر چھ ملکی گروپ کا اجلاس ماسکو میں بلا رکھا ہے اور پاکستان بھی اس اجلاس میں شرکت کرے گا۔