ٹوبہ ٹیک سنگھ، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں اعلی معیار کی ادویات فراہم کی جا رہی ہیں،علی جان خاں

وزیر اعلی پنجاب، وزرا اور اراکین اسمبلی کے ساتھ ساتھ اعلی افسران بھی مذکورہ ادویات کو اپنے لئے استعمال کرنا پسند کریں گے،سیکرٹری ہیلتھ پنجاب

جمعرات 30 مارچ 2017 22:08

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2017ء) سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان خاں نے کہا ہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں اعلی معیار کی ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔وزیر اعلی پنجاب، وزرا اور اراکین اسمبلی کے ساتھ ساتھ اعلی افسران بھی مذکورہ ادویات کو اپنے لئے استعمال کرنا پسند کریں گے۔یہ باتیں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور سٹی ہسپتال کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری امجد علی جاوید اورڈپٹی کمشنر معظم اقبال سپرا بھی ان کے ہمراہ تھے۔علی جان خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سمیت دیگر وارڈ کا معائنہ کیا جبکہ ہسپتال کے کانفرنس روم میں صوبائی سیکرٹری ہیلتھ کو محکمہ صحت کے افسروں اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کے ملازمین نے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ہسپتال کے شعبہ ایڈمن، بجٹ و دیگر کی بریفنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر معظم اقبال سپرا نے کہا کہ انہیں ٹوبہ میں تعینات ہوئے پندرہ روز ہو گئے ہیں اور یہ ان کا ہسپتال کا 25واں دورہ ہے لیکن اس سے قبل انہوں نے ان ملازمین کو یہاں ڈیوٹی پر نہیں دیکھا یہ کیا ماجرہ ہے۔

مذکورہ صورت حال پر سیکرٹری ہیلتھ نے کوئی نوٹس نہیں لیا بلکہ ان کا کہنا تھا کہ ڈی سی صاحب پچھلی باتوں کو چھوڑیں۔اس موقع پر انجمن بہبود شہریاں کی طرف سے صوبائی سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان کو تحریری درخواست دی گئی کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں 16 بستروں پر مشتمل امراض قلب کا شعبہ بالکل مکمل ہے اور تمام مشینری موجود ہونے کے باوجود فنکشنل نہیں کیا جا رہا۔

درخواست میں بتایا کہ ہسپتال کے احاطہ کے اندر ہی امراض قلب کا ایک یونٹ سی سی یو پرائیویٹ طور پر چل رہا ہے اور لوگوں کو مفت سستے علاج کی بجائے بھاری رقم خرچ کر کے علاج معالجہ کروانا پڑ رہا ہے۔مذکورہ درخواست پر صوبائی سیکرٹری نے یقین دہانی کروائی کہ شہریوں کے بہترین مفاد میں فیصلہ کیا جائے گا اور سی سی یو وارڈ کو محکمہ صحت کے زیر انتظام کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :