وزیراعلیٰ پنجاب روڈمیپ برائے تعلیم پرمحکمہ تعلیم کے افسران اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کردیں، مظفرخان سیال

جمعرات 30 مارچ 2017 23:20

خانیوال۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب روڈ میپ برائے تعلیم پر 100 فیصد عملدرآمد کے لیے محکمہ تعلیم کے افسران اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کر دیں، سکولوں میں اساتذہ و نان ٹیچنگ سٹاف کی غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔اساتذہ کرام تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں ۔

داخلہ مہم کے 100 فیصد اہداف حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات ضلعی جائزہ کمیٹی برائے تعلیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں سی ای او تعلیم اشفاق احمد گجر ، ڈی ای اوز ایلیمنٹری و سیکنڈری کستورہ جی شاد ، الطاف لُڑکا، ڈی ایم او ملک محمد یوسف ، ڈپٹی ڈی ای اوز ، اے ای اوز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں سکولوں میں اساتذہ کرام اور نان ٹیچنگ سٹاف کی غیر حاضریوں ، مانیٹرنگ سٹاف کے دوروں کے بعد کی جانے والی کاروائی، سکولوں میں اضافی کلاس رومز کے تعمیراتی کام کی رفتار سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔