عالمی سازش کے تحت مسلم معاشروں میں دہشتگردی کی آگ بھڑکائی جارہی ہے، ریاض حسین شاہ

پاکستان کی حکومت ایران سعودی کشیدگی کے خاتمے کیلئے کوششیں کرے، نظام مصطفی اقتدار میں آئے گا تو عوام کے مسائل حل ہونگے، گستاخ بلاگرز کے معاملے کو سرد خانے میں ڈالنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مرکزی ناظم اعلیٰ جماعت اہلسنت پاکستان

جمعہ 31 مارچ 2017 23:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2017ء) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ عالمی سازش کے تحت مسلم معاشروں میں دہشتگردی کی آگ بھڑکائی جارہی ہے۔ پارا چنار میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کی حکومت ایران سعودی کشیدگی کے خاتمے کیلئے کوششیں کرے۔ نظام مصطفی اقتدار میں آئے گا تو عوام کے مسائل حل ہونگے۔

(جاری ہے)

گستاخ بلاگرز کے معاملے کو سرد خانے میں ڈالنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اللہ کے سامنے جھکنے والے کو کسی اور کے سامنے جھکنا نہیں پڑتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتفاق مسجد ماڈل ٹائون لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات ہمارے لئے ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔ کامیاب زندگی کیلئے اللہ پرستی کا راستہ اختیار کیا جائے۔مسلم ممالک انسداد توہین رسالت کیلئے مشترکہ پالیسی تیار کریں۔ اللہ کا خوف باقی تمام خوف ختم کردیتا ہے۔