کراچی: الطاف حسین اورفاروق ستار سمیت متعدد رہنمائوں کے وارنٹ گرفتاری جاری

مختلف عدالتوں نے حیدر عباس رضوی،فیصل سبزواری، کنورنوید ، خوش بخت، جنید لاکھانی، محفوظ یار، قمرمنصور، ساتھی اسحاق، امجد اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے

ہفتہ 1 اپریل 2017 19:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اپریل2017ء) کراچی کی مختلف ماتحت عدالتوں نے بانی ایم کیوایم لندن الطاف حسین اور ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سمیت کئی رہنمائوں کے مختلف مقدمات میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کیس کی سماعت ہوئی۔

ایم کیوایم لندن اورپاکستان کے رہنما ئوں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ مئوخر ہوگیا اور جج کی رخصت کے باعث فیصلہ نہ سنایا جا سکا۔ عدالت نے مقدمے میں نامزد بانی متحدہ ،ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار، خوش بخت شجاعت، جنید لاکھانی، محفوظ یارخان، قمرمنصور، ساتھی اسحاق، امجد اللہ و دیگر کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں بانی ایم کیو ایم اور دیگر رہنماں کے خلاف لاڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق مقدمے کی بھی سماعت ہوئی۔ عدالت نے عدم پیشی پر فاروق ستار،حیدر عباس رضوی،فیصل سبزواری اور کنورنوید سمیت دیگر رہنماں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔ عدالت نے ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکمدیتے ہوئے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی۔

دوسری طرف عدالت نے بارہ مئی 2007 کی7 مقدمات کی سماعت ہوئی،عدالت نے تفتیشی افسر کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے 8 مئی کو رپورٹ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔مقدمات میں 60 سے زائد ملزمان مفرور ہیں۔واضح رہے کہ ملزمان کیخلاف اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام ہے اور ان کے خلاف تھانہ عزیز آباد میں مقدمہ درج ہے۔