پارہ چنار واقعے کی جتنی مذمت کی جائے اتنی کم ہے،سید قائم علی شاہ

وفاق اور صوبوں کی کوششوں سے ملک میں امن امان قائم ہوا، سندھ میں پیپلز پارٹی اور حکومت کی مدد سے 80 فیصد امن ہوا ہے،میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 1 اپریل 2017 22:44

پارہ چنار واقعے کی جتنی مذمت کی جائے اتنی کم ہے،سید قائم علی شاہ
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2017ء) سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ہفتے کے روز گڑھی خدابخش بھٹو پہنچ کر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو سمیت دیگر شہدا کے مزاروں پر حاضری دے کر فاتح خوانی کی پھولوں کے چادر چڑھائے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پارہ چنار واقعے کی جتنی مذمت کی جائے اتنی کم ہے، حملہ آور دہشت گردوں کو تختہ دار پر چڑھا کر سزائیں دی جارہی ہیں، آرمی کی جانب سے آپریشن ردالفساد شروع کیا گیا ہے اس سے قبل آپریشن ضرب عضب میں بھی دہشت گردوں کی کمر توڑی کر رکھ دی جس کے لیے ہم فوج کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کی کوششوں سے ملک میں امن امان قائم ہوا، سندھ میں پیپلز پارٹی اور حکومت کی مدد سے 80 فیصد امن ہوا ہے، پیپلز پارٹی کے لیڈران کی بڑی تاریخ ہے، افسوس کی بات ہے کہ ڈاکٹر عاصم کو ڈیڑھ سال تک جیل میں رکھا گیا اور ہمارے ایک اور سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کو بھی نیب کی جانب سے مقدمات درج کیے گئے آج دونوں ضمانت پر آزاد ہیں، پارٹی پر ہمیشہ ڈیل کے الزامات لگے جو بعد میں غلط ثابت ہوئے۔

(جاری ہے)

میں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے تمام قریب سے دیکھا، شہید بھٹو نے عوام کو شعور دیا اور انہیں ووٹ کے طاقت کا احساس دلوایا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔