تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ ملک میں گیس بحران کے خاتمہ میں مددگا رثابت ہوگا ‘راجہ عدیل

1680کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن پاکستان پہنچ گئی ملک میں لائن بچھانے کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے انڈسٹریز کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی سے ملکی برآمدات بڑھیں گی‘سینئر نائب صدر لوہا مارکیٹ شہید گنج

پیر 3 اپریل 2017 17:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2017ء) تاجر رہنما انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل نے کہا ہے کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ ملک میں گیس بحران کے خاتمہ میں مدد گار ثابت ہوگا ،منصوبہ کے تحت1680کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن پاکستان پہنچ گئی ہے لیکن ملک کے اندر گیس پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ سست روی کا شکار ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں گیس پائپ لائن بچھانے کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آئرن مارکیٹ شہید گنج کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔راجہ عدیل اشفاق نے کہا کہ اربوں ڈالر مالیت کا تاپی منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے ترکمانستان، افغانستان،پاکستان ،بھارت (تاپی )گیس پائپ لائن پراجیکٹ روٹ سروے کے بعد پاکستان میں عملی طور پر داخل ہونے سے آئند چند ماہ کے اندر انڈسٹریز اور گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی ہوجائیگی نیز اس وافر گیس کو پاور پلانٹس میں استعمال سے سستی بجلی حاصل ہوگی ۔

(جاری ہے)

اس منصوبہ کی تکمیل سے یومیہ 3.2ارب کیوبک فٹ گیس ترکمانستان سے براستہ افغانستان پاکستان پہنچے گی جس سے انڈسٹریز کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی سے ملکی برآمدات برآمدات میں اضافہ سے تجارتی خسارہ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔