یوم پاکستان ہفتہ کھیل‘ ضلع ایسٹ میں شیر علی جوگی فاتح ٹرافی کے حقدار قرار پائے

عبدالجبار خاصخیلی نے دوسری جبکہ شیر خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی‘ اللہ بخش جوکھیو مہمان خصوصی تھے

بدھ 5 اپریل 2017 16:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2017ء) ایس ایس بی یوم پاکستان ہفتہ کھیل میں ضلع ایسٹ میں ملاکھڑا کے شاندار مقابلوں کا انعقاد کیا گیا بلال کالونی انڈسٹریل ایریا میں ہونے والے ان مقابلوں کو شائقین کی ایک بڑی تعداد نے دیکھا سندھ کے اس روائتی کھیل میں پہلوان شیر علی جوگی نے مختیار عالمانی کو شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کی۔

(جاری ہے)

دوسری پوزیشن کے مقابلے میں عبدالجبار خاصخیلی نے عبدالرزاق شیدی کو زیر کرکے اپنی برتری کو ثابت کیا جبکہ تیسری پوزیشن کا مقابلہ شیر خان اور حاجی اکبر کے درمیان ہوا جو انتہائی سنسنی خیز رہا اور دونوں پہلوانوں نے عمدہ دائو پیچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے داد سمیٹی‘28منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں شیر خان نے فتح حاصل کرکے تیسری پوزیشن قبضہ جمایا۔

ملاکھڑا ایسو سی ایشن کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری بہرام خاصخیلی نے ان مقابلوں کی نگرانی کی مہمان خصوصی اللہ بخش جوکھیو نے محکمہ کھیل کی جانب سے ملاکھڑا کے فروغ میں دلچسپی لینے پر ان کے کردار کو سراہا اور سیکریٹری اسپورٹس محمد سلیم رضا کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بعدازاں مہمان خصوصی اللہ بخش جوکھیو نے بہرام خاصخیلی کے ہمراہ فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیز اور نقد انعامات تقسیم کئے۔