عوام ہمیں ووٹ دیں ہم آنے والی نسلوں کا مستقبل کو محفوظ بنائیں گے،ہم نے پنجاب کی تقدیر کو سنوارا اور میاں برادران نے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کیا ہوا ہے،سر سے لیکر پائوں تک کرپشن میں ڈوبے کرپٹ سیاست دان 10سی15دنوں بعد پاکستان میں نظر نہیں آئیں گے،حکومت میں آ کر کالا باغ ڈیم بنائیں گے، میاں برادران نندی پور پاور پراجیکٹ،سولر پاو ر پراجیکٹ بہالپور جیسے منصوبوں سے بجلی نہیں مال بنا رہے ہیں

مسلم لیگ (ق)کے مرکزی رہنما پرویز الٰہی کا ورکرز کنونشن سے خطاب

بدھ 5 اپریل 2017 23:04

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 اپریل2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہاہے کہ عوام ہمیں ووٹ دیں ہم آنے والی نسلوں کا مستقبل کو محفوظ بنائیں گے۔ہم نے پنجاب کی تقدیر کو سنوارا اور میاں برادران نے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کیا ہوا ہے،سر سے لیکر پائوں تک کرپشن میں ڈوبے کرپٹ سیاست دان 10سی15دنوں بعد پاکستان میں نظر نہیں آئیں گے،حکومت میں آ کر کالا باغ ڈیم بنائیں گے تاکہ غریب کسانوں کو اپنے کھیت کھلیانوں کیلئے پانی اورضرورت کے مطابق بجلی میّسر آ سکے۔

میاں برادران نندی پور پاور پراجیکٹ،سولر پاو ر پراجیکٹ بہالپور جیسے منصوبوں سے بجلی نہیں مال بنا رہے ہیں۔ سرگودھا کے عوام خدمت کرنیوالوں کو ووٹ دیں ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو یہاں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر عامر سلطان چیمہ، چوہدری منیب سلطان چیمہ،گوجرانوالہ سے منتخب ہونیوالے ایم این اے طارق بشیر چیمہ،محمد علی گجر و دیگر شرکاء نے خطاب کیا۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ میاں برادران نے عوام کو مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کا تحفہ دیا،پاکستان مسلم لیگ کے دور میںآدھا بل حکومت پنجاب ادا کرتی تھی،کسان برادری کو ہمیشہ اپنا اثاثہ سمجھا،جب کسانوں کی فصل تیار ہوتی تھی تو ان سے ذیادہ ہم ان کیلئے فکر مند ہوتے تھے تاکہ ان کو ان کی محنت کی اجرت مل سکے۔پٹواری کلچر کا خاتمہ کر کے زمینداروں کو ان کے چنگل سے نکالا،ہم نے کسانوں کو ٹیکسز کے بوجھ سے آزاد کر دیا جبکہ موجودہ ظالم حکمرانوں نے ٹیکسز کے بوجھ تلے دبا دیا ہے،مرحوم انو ر علی چیمہ کوسرگودھا کیلئی6ارب کو ترقیاتی پیکج دیا، انور علی چیمہ نے ترقیاتی کاموں کے جال بچھا کر شہر کی حالت سنوار دی۔

ہمارے دور میں پنجاب کی حالت سدھری، موجودہ حکمران بگاڑ رہے ہیں،ہم نے اسپتال بنوائے،ادویات مفت فراہم کیں، مفت تعلیم دی،سکول، کالج اور یونیورسٹیاں بنوائیں،پیٹرولنگ پولیس اور ریسکیو1122قائم کی، سڑکوں کا جال بچھایا اور موجودہ حکمران نے اداروں کی شکل بگاڑ کر رکھ دی ہے، موجودہ حکمران9سال میں ہمارے دور میں بنوائی گئی سڑکیں تک مرمت نہیں کروا سکے۔

ہم نے سالانہ10لاکھ نوکریاں دیں اور اب عوام بے روزگار ہیں، بھوک و افلاس کی وجہ سے خودکشی کر رہے ہیں۔تھانہ کچہری کی سیاست کرنے والے حکمران عوام کے وفادار نہیں ،میاںبرادران ہمارے منصوبوں کی نقل اتار رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کا وقت آ گیا، عوام ووٹ ہمیں ڈالتے ہیں اور فیصلہ کسی اور کے حق میں نکل آتا ہے، عوام اس دفعہ دھاندلی کی کوششیں ناکام بنا دیں تاکہ کوئی ان کے ووٹ پر ڈاکہ نہ ڈال سکے۔

حکومت میں آ کر کالا باغ ڈیم بنانا ترجیحات میں شامل ہو گا، اس سے عوام کو 3روپے فی یونٹ سستی بجلی ملے گی،9سال گزر گئے شہباز شریف بجلی نہ لا سکے ۔عامر سلطان چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کے عوام ہمارا اثاثہ ہیں،کامیاب ورکر کنونشن اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں،مرحوم انور علی چیمہ کی جگہ این ای67سے الیکشن لڑوں گا اور منیب سلطان میری جگہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑے گا، کامیاب ہو کر اپنے والد مرحوم انور علی چیمہ کی طرح حلقہ کی تقدیر بدلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے حق پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، حلقہ کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ممبر قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہم عوام کے ہیں اور عوام ہماری ہے،عوام سیاسی نوسر بازوں سے بچ کر رہیں اور اگلے الیکشن میں ان کو ناکامی سے دوچار کریں،مسلم لیگ کی قیادت نے پنجاب کو سنوارا اور یہی قیادت ہی ملک کو سنوارے گی،کسانوں اور عوام کی عزت نفس بحال کریں گے۔

ن لیگ کو ووٹ دیکر اپنا اور اپنے بچوں کو مستقبل مت خراب کریں۔اربوں کھربوں کا ٹیکا لگا کر فرار ہونیوالے کرپٹ افراد کا احتساب کیا جائیگا،چوہدری منیب سلطان چیمہ نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے،سیاست کو عبادت سمجھ کر کیا،مرحوم انور علی چیمہ کے مشن کو آگے لیکر چلیں گے،شہنشاہ تعمیرات ہونے کے بوگس دعوے کرنیوالی حادثاتی ممبران اسمبلی نے مرحوم انور علی چیمہ کے ترقیاتی کاموں کے عشر عشیر بھی کام نہیں کیا۔چیمہ خاندان عوام کے دلوں میں بستا ہے۔