بلوچستان کے عوام قوم کی مظلوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی اورباعزت وطن واپسی چاہتے ہیں

بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی رہنما شازیہ نوشیروانی کی عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 5 اپریل 2017 23:17

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 اپریل2017ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی رہنما شازیہ نوشیروانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام قوم کی مظلوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی اورباعزت وطن واپسی چاہتے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر عافیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ان کی رہائش گاہ کراچی میں عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ ایک عافیہ کا نہیں پوری قوم کا ہے۔

کسی کو ملک کے مفاد میں دلچسپی نہیں ہے۔حکمرانوں نے عالمی برادری میں خود احترامی (Self Respect) نہیں چھوڑی ہے اور عافیہ کی واپسی میں یہی رکاوٹ ہے۔ بلوچ باغی نہیں ہیں اپنا حق مانگتے ہیں۔بی این پی حکومت کے نہیں امتیازی قوانین کے خلاف ہیں۔ بلوچستان کے عوام ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی چاہتے ہیں اور ان کی وطن واپسی کیلئے جاری جدوجہد میں ہر طرح سے وہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ کے حوالے سے اس وقت دو باتیں انتہائی اہم ہیں۔ پہلی عافیہ کی زندگی کا تحفظ کیونکہ ہمیں اس کی صحت کے حوالے سے تشویشناک اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ عافیہ کوفوری طورپر مناسب طبی علاج (proper medical treatment) کی ضرورت ہے اور دوسری اور اہم ترین بات یہ ہے کہ حکمران اور اعلیٰ سرکاری حکام عافیہ کی وطن واپسی کے کسی موقع کو ضائع نہ کریں۔

پیپلزپارٹی کے سابقہ اور مسلم لیگ ن کے موجودہ حکمرانوں نے صرف زبانی وعدے اور عافیہ کی واپسی کے کئی نادر اور سنہری موقع ضائع کئے ہیں۔ موجودہ وزیراعظم نواز شریف نی100 دن میں عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ کیا تھامگر وہ اپنی حکومت کی معیاد کے تقریباًً چار سال گذار چکے ہیں اور عافیہ اب تک امریکی جیل میں سڑرہی ہے۔