لاہور:بھارت ہمارے پانی کا دشمن ہے اور مسلسل متنازعہ ڈیم تعمیر کر رہا ہے،حافظ عبدالرحمن مکی

بھارتی آبی دہشت گردی کے نتیجہ میں پاکستا ن کو ریگستان نہیں بننے دیں گے چناب کے پانیوں پر تین بڑے بجلی کے منصوبے بن رہے ہیں ملک بھر کے کسان دریائوں میں پانیوں کے روانی کے کیلئے تحریک آزادی کشمیر کی بھرپور حمایت کریں،دفاع پاکستان کونسل کے رہنما کا آبی و زرعی کانفرنس سے خطاب

جمعرات 6 اپریل 2017 23:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2017ء) دفاع پاکستان کونسل و جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے کسان دریائوں میں پانیوں کے روانی کے کیلئے تحریک آزادی کشمیر کی بھرپور حمایت کریں۔بھارت ہمارے پانی کا دشمن ہے۔ پاکستانی دریا سوکھ رہے ہیں۔ انڈیا مسلسل متنازعہ ڈیم تعمیر کر رہا ہے۔

چناب کے پانیوں پر تین بڑے بجلی کے منصوبے بن رہے ہیں۔ہمیں اپنی نسلوں اور پانیوں کا تحفظ کرنا ہے۔ بھارتی آبی دہشت گردی کے نتیجہ میں پاکستا ن کو ریگستان نہیں بننے دیں گے۔ متحدہ کسان محاذ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں آبی و زرعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستانی دریائوں پر ڈیموں کی تعمیر برداشت نہیں۔

(جاری ہے)

سندھ طاس معاہدہ کا تحفظ کیا جائے۔

معاہدہ کے تحت تین دریائوں کا پانی ہمارا حق ہے‘ اسے بچائیں گے۔کسانوں کی نسل کشی کرنے والے بھارت سے دوستی و تجارت درست نہیں۔بے حس حکمرانوںنے بھارتی ڈیموں کی تعمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر صحیح انداز میں نہیں اٹھایا۔ حکمرانوں کو نسلوں کا پانی بیچنے کا مینڈیٹ نہیں ہے۔ بھارت پانی کو جنگی ہتھیار کے طور پر پاکستان کیخلاف استعمال کر رہا ہے۔

پاکستان کا دفاع ہیڈ مرالہ اور بی آربی سے ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت ہمارا دوست اور خیر خواہ نہیں ہے۔ حکومتوںنے صحیح معنوں میں اس ایشو کو نہیں اٹھایا۔ ہمارا پانی روکنا اور چھوڑنا جنگی ہتھیار ہے۔ پاکستانی حکمران مودی کا دبائو قبول کر رہے ہیں۔ راوی کی طغیانی سے دل دہلتا تھا لیکن اب چناب، جہلم اور ستلج سوکھ چکے ہیں۔ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ قائد اعظم نے کشمیر کو شہ رگ قرار دیا۔

پاکستانی حکمران ملک کو نظریہ پاکستان سے کاٹ کر ہندوستان سے دوستی نبھانے کی کوششیں کر رہے ہیں اور وہ ہمارے پانیوں سے محروم کر رہا ہے ۔ یہ بہت سنگین سازش ہے۔ کشمیر جہاں سے سارے دریا آتے ہیں وہ آج کھڑے ہیں اور پریشان ہیں کہ اسلام آباد سے کوئی طاقتور آواز بلند کیوں نہیں ہو رہی۔ ملک کے سارے کسان پانیوں کے مسئلہ اور کشمیرکیلئے طاقتور آواز بنیں ۔بھارتی فوج کشمیر سے نکلے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے۔ اس سے پانیوں کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔