کرم تنگی ڈیم سے جنوبی اضلاع میں آبنوشی وآبپاشی کے مسائل حل ہونے سمیت بجلی کے موجودہ سنگین بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی،ہمایون سیف اللہ، انور سیف اللہ

جمعہ 7 اپریل 2017 20:41

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2017ء) سینئر پارلیمنٹرین ہمایون سیف اللہ خان اور سابق وفاقی وزیر انور سیف اللہ خان نے کہا ہے کہ کرم تنگی ڈیم سے جنوبی اضلاع میں آبنوشی وآبپاشی کے مسائل حل ہونے سمیت بجلی کے موجودہ سنگین بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی اور جنوبی اضلاع میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سے ملاقات کے بعد ایک اخباری بیان میں کیا سیف اللہ برادران نے کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے پر وزیر اعظم محمد نوازشریف اور گورنرخیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گورنر پر زور دیا کہ وہ ڈیم کے دوسرے مرحلے پر کام شروع کرانے کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں اور خیروخیل تا والئی سگئی 20کلومیٹر روڈ پر کام تیز کرنے کی ہدایات جاری کریں انہوں نے گورنر کو ضلع لکی مروت و ایف آر لکی کی پسماندگی اور عوام کو درپیش مسائل ومشکلات سے بھی آگاہ کیاگورنراقبال ظفر جھگڑا نے اس سلسلے میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا سیف اللہ برادران نے کہا کہ ڈیفنس روڈ کی تعمیر سے ایف آر کے قبائلی علاقے اور اس سے متصل درجنوں دیہاتوں کے عوام کو بہتر سفری سہولتیں میسر آئیں گی اور دور افتادہ علاقوں کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔