امیر جماعت اسلامی فاٹا سردار خان سے شمالی وزیرستان کی قوم ڈانڈے درپہ خیل کے وفد کی ملاقات

ہفتہ 8 اپریل 2017 17:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 اپریل2017ء) امیر جماعت اسلامی فاٹا سردار خان سے المرکزالاسلامی پشاور میں شمالی وزیرستان کی قوم ڈانڈے درپہ خیل کے وفد نے ملاقات کی،وفد کی قیادت ملک حبیب اللہ کررہے تھے، جبکہ اس میںملک حاجی مصطفی اور سلیمان سمیت درپہ خیل قوم کے عمائدین اور نوجوان شامل تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی فاٹا کے سیکرٹری جنرل محمد رفیق آفریدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا زاہد اللہ ترابی، جے آئی یوتھ فاٹا کے صدر شاہ جہان آفریدی، سیکرٹری اطلاعات محمد جبران سنان اور شمالی وزیرستان ایجنسی کے امیر سیف الرحمان بھی موجود تھے۔

وفد نے جماعت اسلامی فاٹا کے امیر سردار خان کو پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے ان پر ہونے والی زیادتیوں سے آگاہ کیا اور تعاون کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

وفد نے بتایا کہ ڈانڈے درپہ خیل کا علاقہ آپریشن کے بعد کلیئر قرار دیا گیا ہے لیکن انہیں ابھی تک اپنے علاقے میں واپس جانے نہیں دیا جارہا جبکہ پولیٹیکل انتظامیہ ان کے گھروں کو مسمار کرکے سامان کی لوٹ مار میںمصروف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیٹیکل انتظامیہ کے اہلکار گھر مسمار کرنے کے بعد گارڈر اور ٹی آر تک لوٹ کر اپنے ساتھ لے جارہے ہیں۔ جماعت اسلامی ہمارے ساتھ تعاون کرے اور پولیٹیکل انتظامیہ کو گھروں کی مسماری روکنے کے لئے کردار اداکرے۔ امیر جماعت اسلامی فاٹا سردار خان نے وفد کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی نے پہلے بھی قبائلی عوام کی مدد کی ہے اور اب بھی ہر ممکن مدد سے پیچھے نہیں ہٹے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے گھروں کی مسماری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پولیٹیکل انتظامیہ ڈانڈے درپہ خیل کے گھروں کی مسماری کا سلسلہ فوری طور پرروک دے ۔انہوںنے کہا کہ ریاست کا کام لوگوں کو چھت سے محروم کرنا نہیں بلکہ انہیں چھت فراہم کرنا ہے۔ جو ریاست شہریوں کو چھت فراہم نہ کرسکے وہ ناکام ریاست کہلاتی ہے۔ قبائلی عوام پہلے ہی انگریز کے ظالمانہ نظام ایف سی آر کی وجہ سے دربدر ہیں، اب پولیٹیکل انتظامیہ گھروں کی مسماری کی صورت میں قبائلی عوام پر مزید ظلم ڈھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی درپہ خیل قوم اور قبائلی عوام کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔ درپہ خیل قوم کی فریاد ایوان اقتدار تک پہنچائیں گے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے گا۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے اس ظلم کے خلاف جماعت اسلامی کے ممبران کے ذریعے تحریک لائیں گے۔حکومت انتظامیہ کو پابند کرے کہ وہ گھروں کی مسماری روک کر ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی یقینی بنائے ۔انہوںنے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی ہر فورم پر قبائلی عوام کا مقدمہ لڑے گی ۔ جماعت اسلامی اپنے حقوق کے لئے درپہ خیل قوم کے دھرنے کی حمایت کا اعلان کرتی ہے اوراس میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے گی۔