صوبہ میں تعلیم کے فروغ میں نجی شعبہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، گورنر سندھ

تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ، بحریہ ٹائون میں واقع روٹس ملینیم اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 8 اپریل 2017 18:27

صوبہ میں تعلیم کے فروغ میں نجی شعبہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا اور طالب علموں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کے لئے ان کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحریہ ٹائون کراچی میں روٹس ملینیم اسکولز فیوچر ورلڈ کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ روٹس ملینیم اسکولز جیسے تعلیمی ادارے نہ صرف طالب علموں کو معیاری تعلیم فراھم کر رہے ہیں بلکہ ان کی تربیت کا فریضہ بھی احسن طریقہ سے انجام دے رہے ہیں انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ ہم ملکی تعمیر و ترقی میں بہتر تعلیم یافتہ افرادی قوت کی اہمیت سے بہ خوبی آگاہ ہیں ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ تحقیق پر مبنی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ صوبہ میں تعلیم کے فروغ میں نجی شعبہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ روٹس ملینیم اسکولز کا معیار اور یہاں فراہم کی جانے والی سہولیات دیکھ کر بہت متاثر ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نہایت تابناک ہے،کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں جگہ دلوانے کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ میڈیا کو اچھی باتوں کو اجاگر کرنا چاہئیے ،ملک میں بہت مثبت کام ہورہے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ،صرف اس کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو روٹس اسکولزفیصل مشتاق نے کہا کہ روٹس اسکولز پاکستان کے 25 شہروں میں 50 کیمپس کام کر ہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ 30 سال میں طالب علموں کو تعلیم کے ساتھ بہترین تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ آج کراچی میں روٹس میلینیم اسکولز کے پہلے کیمپس کا افتتاح کیا جا رہا ہے جبکہ اساتذہ کی تربیت کے لئے بھی ایک جدید انسٹی ٹیو کام کر رہا ہے۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے اسکول کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔