ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے مطالبہ کی حمایت کرتے ہیں، مصطفی کمال

بہن ، بیٹیوں کی حرمت ہر مسئلے پر مقدم اور سیاست سے بالاتر ہوتی ہے، عبدالحاکم قائد

پیر 10 اپریل 2017 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2017ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کے لئے جاری جدوجہد کے سلسلے میں ’’عافیہ آزادی ریلی‘‘ کی کراچی پریس کلب پر آمد کے موقع پر ریلی میں شریک پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال سے ملاقات کی اور انہیں ’’عافیہ آزادی ریلی‘‘میں شرکت کی دعوت دی۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاک سر زمین پارٹی کے وفد نے ڈاکٹر عافیہ سے یکجہتی کے اظہار کیلئے ’’عافیہ آزادی ریلی‘‘ میںشرکت کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے مطالبہ کی حمایت کی۔پاسبان رہنما عبدالحاکم قائد نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے حقوق کیلئے آپ کی جدوجہد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عافیہ پاکستان کی بیٹی اور قوم کی غیرت ہیں، ان کی وطن واپسی قومی وقار کا معاملہ ہے۔’’عافیہ آزادی ریلی‘‘ میں ہم ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے سپورٹرز اور رضاکار وں کی حیثیت سے شامل ہوئے ہیں۔ بہن ، بیٹیوں کی حرمت کی حفاظت ہر مسئلے پر مقدم اور سیاست سے بالاتر ہوتی ہے۔ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کویکساں کردار اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی سے عالمی برادری میں پاکستان کا وقار بلند ہوگا۔

متعلقہ عنوان :