یونس خان کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ غلط ہے، مزید دو تین سال کھیل سکتے ہیں، عامر سہیل

پیر 10 اپریل 2017 18:26

یونس خان کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ غلط ہے، مزید دو تین سال کھیل سکتے ہیں، ..
لاہور۔9اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2017ء) سابق کپتان عامر سہیل نے یونس خان کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو غلط قرار دیا۔ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یونس کی کرکٹ ابھی باقی ہے اور وہ مزید دو تین سال کھیل سکتے ہیں۔ یونس خان کے اس طرح ٹیم کو چھوڑ کر چلے جانے سے ٹیسٹ ٹیم متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 115 ٹیسٹ میچوں میں 34 سنچریوں کیساتھ 9977 رنز کسی کارنامے سے کم نہیں یہی وجہ ہے کہ یونس پاکستان کا اب نمبر’ون‘ بیٹسمین ہے۔

اسے ہمیں یوں ہی رخصت کر نے کے بجائے اس کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کا وقت ہے۔ عامر سہیل کے مطابق دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد مصباح الحق کی جگہ قیادت یونس خان کے سپرد کر کے وکٹ کیپر سرفراز احمد پر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کا اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے اسے بہتر انداز میں تیار کرنا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کامیابیوں کے اعتبار سے ضرور مصباح کو سراہا جانا چاہیے لیکن ٹیم بنانے میں مصباح الحق کا کوئی کردار نہیں۔

2015ء میں مصباح نے ون ڈے ٹیم کی قیادت چھوڑی تو ٹیم ساتویں نمبر پر تھی اب وہ ٹیسٹ ٹیم کو چھٹے نمبر پر چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ موجودہ ٹیم میں نہ اوپنرز کے مستقبل کا پتہ ہے نہ بولنگ اٹیک موثر ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چار سال کے عرصے میں یونس خان کا 14سنچریاں بنانا بتا رہا ہے کہ ابھی اس میں کچھ کرنے کا جذبہ موجود ہے، درست فیصلہ ہوگا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ یونس خان سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کیلئے کہے اور پاکستان کرکٹ کے بہتر مفاد میں اسے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی جائے۔ عامر سہیل نے کہاکہ یونس خان کی ریٹائرمنٹ سے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کو دھچکا پہنچے گا اس لئے بہتر ہے کہ ٹیم کے مفاد میں یونس خان اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیں ۔

متعلقہ عنوان :