کراچی : ممتاز بھٹو سے پی اے ٹی سندھ کے صدر کی وفد کے ہمراہ ملاقات

وفد نے سردار ممتاز علی بھٹو کو عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا اہم پیغام پہنچایا سندھ کے عوام اور سیاسی جماعتیں حکمرانوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومت عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے صرف لوٹ مار میں مصروف ہے، ممتاز بھٹو

پیر 10 اپریل 2017 21:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین سردار ممتاز علی بھٹو سے ان کی رہائش گاہ پر پاکستان عوامی تحریک ( پی اے ٹی ) سندھ کے صدر مخدوم ندیم ہاشمی کی قیادت میں 5 رکنی وفد نے ملاقات کی ۔ وفد نے سردار ممتاز علی بھٹو کو عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا اہم پیغام پہنچایااور جلد وطن واپسی پر ڈاکٹر طاہرالقادری سردار ممتاز علی بھٹو سے ملاقات کے لیے کراچی آئیں گے ۔

اس موقع پر سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی رہنما محمد انور گجر ، رزاق باجوہ اور پاکستان عوامی تحریک کے ممتاز رضا سیال ، عنایت اللہ نیاز اور دیگر موجود تھے ۔ سردار ممتاز علی بھٹو نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام اور سیاسی جماعتیں حکمرانوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومت عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے صرف لوٹ مار میں مصروف ہے ۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت عوامی خزانے کو باپ کی جاگیر سمجھ لوٹ رہے ہیں ۔ کیونکہ انہیں لوٹ مار اور کرپشن کے علاوہ کچھ نہیں آتا ۔ زرداری اور اس کے درباری سندھ میں لوٹ مار اور کرپشن کرکے شہیدوں کے نام میں چھپ کر بھٹو خاندان کو بدنام کر رہے ہیں ۔ جو کل سائیکل اور گدھا گاڑیوں پر گھومتے تھے ، وہ آج بھٹو کے نام میں چھپ کر بڑے مالدار ، محلوں ، بڑی گاڑیوں اور جہازوں کے مالک بنے بیٹھے ہیں ۔

سندھ میں زرداری ٹولے کی لوٹ مار اور کرپشن نے عوام کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی کی وجہ سے ان کا جینا محال کر دیا ہے لیکن آج بھی پورا زرداری خاندان سندھ کے خزانے پر عیاشیاں کر رہا ہے ، جس کا سارا بوجھ عوام کے کندھوں پر ڈالا جا رہا ہے ۔ سندھ نیشنل فرنٹ عوام کے حقوق ، دھرتی کے تحفظ ، ملک اور خصوصاً سندھ کو ان چوروں ، لٹیروں حکمرانوں سے نجات کے لیے اپنی جدوجہد کو تیز کرکے عوام کا مقدمہ میدان میں نکل کر لڑ رہے ہیں اور کرپٹ ، لٹیرے ، بدکردار عوام دشمن حکمرانوں کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے لا کر انہیں بے نقاب کرکے عوام کو ان کی اصلیت دکھا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے بے رحمانہ احتساب ضروری ہے ۔ نہیں تو یہ لٹیرے حکمران دوبارہ عوام کے لوٹے ہوئے مال کو لٹا کر عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر ایک مرتبہ پھر عوام پر زبردستی مسلط ہونے کی کوشش کریں گے اور بچی کچی ہڈیاں بھی چبا جائیں گے کیونکہ جن لوگوں نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال کر اربوں ڈالرز لوٹے انہیں پھانسی کا پھندا ڈالنے کے بجائے سونے کے تاج پہنائے جا رہے ہیں ۔ جو عوام کے ساتھ زیادتی اور لٹیرے کرپشن کی فتح کا جشن منا رہے ہیں ۔ #